تلنگانہ میں 43 نئے پازیٹیو کیس ،کورونا وائرس کا کمیونٹی پھیلاؤ نہیں

,

   

حیدرآباد /4 اپریل ( سیاست نیوز ) ریاست تلنگانہ میں کرونا وائرس کا کہر جاری ہے ۔ ریاست میں آج 43 پازیٹیو کیس درج کئے گئے ۔ ریاستی وزیر صحت تلنگانہ مسٹر ایٹالہ راجندر کے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ ریاست میں پازیٹیو کیس میں اضافہ ہو رہا ہے تاہم کورونا کے سبب آج ایک بھی موت نہیں ہوئی ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں کورونا وائرس کا کمیونٹی پھیلاؤ نہیں ہوا ہے ۔ فی الحال وہ ہی لوگ متاثر ہیں جو مرکز سے آئے تھے ۔ یا پھر ان سے ملاقات کرچکے تھے اور شادنگراور سکندرآباد میں پیش آئی اموات کا شمار بھی ان افراد میں کیا جاتا ہے جو دہلی سے آنے والوں کے ملاقات کی تھی ۔ مرکز سے 1090 افراد ریاست پہونچے اور ان تمام کی طبی جانچ اور تشخیص کی جارہی ہے ۔ ریاستی وزیر نے بتایا کہ ریاست کے تمام کورنٹائن سنٹرز میں ڈاکٹرس کو مقرر کردیا گیا ہے اور اس کے علاوہ خاطر خواہ تعداد میں پیرامیڈیکل عملہ کو دستیاب رکھا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ طبی عملہ کی حفاظت کیلئے حکومت کی جانب سے ہر ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے ڈاکٹروں پر حملہ کرنے والوں کو سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کی ہدایت کے مطابق ہر دن صبح 9 بجے تا 11 بجے تک چیف سکریٹری اور محکمہ صحت کے اعلی عہدیداروں سے ٹیلی کانفرنس کی جارہی ہے اور 6 لائبس 24 گھنٹے خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ ریاستی وزیر نے بتایا کہ چاہے جتنے بھی پازیٹیو کیس ہوں ان تمام کا علاج کرنے کا انتظامات کرلئے گئے ہیں ۔ 5 لاکھ N-95 ماسک 5 لاکھ پی پی ای کیٹس 5 لاکھ وائرل ٹرانسمیشن کیٹ 500 ونٹی لیٹرس 4 لاکھ کورونا ٹسٹنگ کٹس 20 لاکھ سریکل ماسک 25 لاکھ ہینڈ گلاؤزس کی خریداری کی گئی ۔ گچی باؤلی میں 1500 بستروں کے ہاسپٹل کو اندرون دو دن استعمال میں لایا جائے گا ۔ تلنگانہ میں تاحال 272 پازیٹیو کیس پائے جاتے ہیں اور آج 33 افراد ڈسچارج ہوئے۔ اب تک 11 افراد کی موت واقع ہوئی ہے ۔