تمام معاملات کو بند کرنے کی پیشکش کے ساتھ بی جے پی مجھ سے رجو ع ہوئی تھی۔ منیش سیسوڈیا

,

   

منیش سیسوڈیا نے کہاکہ میں سر کٹانے کو تیارہوں مگر کبھی بھی سازشیوں اور بدعنوان لوگوں کے آگے نہیں جھکوں گا۔
نئی دہلی۔ دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیانے دعوی کیاہے بی جے پی میرے پاس ایک پیشکش کے ساتھ رجو ع ہوئی ہے کہ اگر میں ان کی پارٹی میں شامل ہوجاتاہوں تو وہ تمام معاملات کو بند کردیں گے۔ اس بات پر زوردیتے ہوئے کہاکہ ان پرلگائے گئے تمام الزامات جھوٹے ہیں‘ سیسوڈیانے کہاکہ وہ کبھی بھی ”سازشیوں اور بدعنوان لوگوں کے“ آگے نہیں جھکیں گے۔

سیسوڈیا کا نام سی بی ائی کی جانب سے درج ایف ایف ائی آر کے 15لوگوں میں شامل ہے جو مبینہ طور پر دہلی آبکاری پالیسی کے نفاذ میں بے قاعدگیوں او ربدعنوانیوں کے الزامات کا سامنا کررہے ہیں۔انہوں نے ایک ہندی ٹوئٹ میں کہاکہ ”مجھے بی جے پی سے ایک پیغام ملا ہے‘ اے اے پی چھوڑدیں اوربی جے پی میں شامل ہوجائیں۔

ہم یقین دلاتے ہیں کہ وہ تمام معاملات جو تمہاری خلاف میں سی بی ائی اور ای ڈی دیکھ رہی ہے سارے بندکردئے جائیں گے۔ میرا جواب بی جے پی کے لئے یہ ہے میں مہارانا پرتاب کی نسل کا او رایک راجپوت ہوں۔ میں سر کٹانے کو تیارہوں مگر کبھی بھی سازشیوں اور بدعنوان لوگوں کے آگے نہیں جھکوں گا۔ میرے خلاف تمام معاملات جھوٹے ہیں۔ آپ کو کیا کرناہے کرلو“۔

جمعہ کے روزمذکورہ عآپ لیڈر کے گھر پر سی بی ائی نے دہلی آبکاری پالیسی 2021-22میں بدعنوانی کے تحت الزامات کے معاملے میں چھاپہ مارا تھا۔

انہوں نے اسبات پر زوردیتے ہوئے کہاکہ ان کے خلاف تمام مقدمات چیف منسٹر اروند کجریوال کی قیادت میں انجام دئے جانے والے اچھے کاموں کو روکنے کی کوشش ہے اور وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف ایک متبادل کے طور پر اے اے پی سربراہ کے منظرعام پر آنے کے راستے میں رکاوٹ پیدا کرنا ہے۔