حضرت سید شاہ راجو محمد محمد الحسینی قبلہؒ

   

سید شاہ ندیم اللہ حسینی

حیدرآباد دکن کے مشہور بزرگ قطب الاقطاب حضرت سید شاہ یوسف محمد محمد الحسینی قبلہؒ المعروف حضرت سید شاہ راجو حسینی قبلہؒ کا سلسلۂ نسب حضرت سید شاہ اکبر حسینی قدس سرہٗ کے ذریعہ آٹھویں پشت میںحضرت خواجہ بندہ نواز گیسودراز علیہ الرحمہ سے جاملتا ہے۔ حضرت کا اسم اگرامی سید شاہ یوسف محمد محمد الحسینی قبلہ شاہ راجولقب اور راجو تخلص فرماتے تھے۔ حیدرآباد میں اپنے جد اعلیٰ حضرت سید شاہ راجو قتال قبلہؒ پدر بزرگوار حضرت سیدنا خواجہ بندہ نواز قدس سرہ العزیز کے نام نامی سے مشہور ہیں۔ حضرتؒ کی پیدائش ۱۰۰۲ھ؁ میں بیجا پور میں ہوئی۔ ابتدائی تعلیم اپنے والد حضرت سید شاہ سفیر اللہ حسینی قبلہؒ کے زیر سایہ ہوئی۔ یہ عہد عبداللہ قطب شاہ کا تھا آپ اپنے عم محترم حضرت سید شاہ اکبر حسینی قبلہؒ جو اپنے وقت کے بلند پایۂ بزرگ اور جید عالم دین تھے۔بلدہ حیدرآباد تشریف لائے عم محترم نے برادر زادہ کو بعد تعلیم و تربیت جب اس میں کامل پایا تو بیعت و خلافت سے سرفراز فرمایا اور بعد وصال عم محترم حضرت شاہ راجو قبلہؒ مسند سجادگی پر فائز ہوئے اور شد و ہدایت فرمانے لگے۔ حضرت کی تعلیمات اور خانقاہ کی شہرت دور دور تک پھیل گئی لوگ جوق در جوق ہزاروں کی تعداد میں جمع ہونے لگے۔ عامی و عالم، امیر و غریب ہرعقیدہ اور ہرمسلک کے لوگ حضرت کے ارشادات عالیہ سے مستفید ہونے لگے۔ اسی اثناء میں ابوالحسن نامی ایک نوجوان حضرت کی خدمت میں آکر خانقاہ میں رہنے لگا۔اتفاق ایسا ہوا کہ ابوالحسن ایک وقت خانقاہ سے نکل رہا تھا اور عبداللہ قطب شاہ خانقاہ میں حاضری کے لئے داخل ہورہا تھا۔ اس وقت حضرتؒ خانقاہ میں تشریف رکھتے تھے حضرت نے اس منظر کو دیکھ کر فرمایا ایک بادشاہ جارہا ہے اور ایک بادشاہ آرہا ہے ۔ یہی ابوالحسن جو خانقاہ کا جاروب کش تھا بعد میں ابوالحسن تاناشاہ کے نام سے قطب شاہی تخت پر بادشاہ کی حیثیت سے فائز ہوا۔ اس طرح حضرت کافرمانا حقیقت بن کر پورا ہوا۔
تقریباً ۵۰سال تک درس و تدریس اور ارشادات عالیہ کے ذریعہ مخلوق خدا کی رہبری اور رہنمائی فرمانے کے بعد ۱۵صفرالمظفر ۱۰۹۲؁ھ کو اس جہان فانی سے پردہ فرمالیا۔ ابوالحسن تانا شاہ نے فرط عقیدت سے حضرت کے مزار مبارک پر ایک عالیشان گنبد مبارک تعمیر کروایا جو فن تعمیر اور آرٹ کا ایک نادرشاہکار ہے۔حضرت سید شاہ راجو محمد محمد الحسینی ؒکے (۳۵۳) ویں عرس تقاریب ۱۳‘ ۱۴‘ ۱۵ اور ۱۶ صفر المظفر کو منعقد ہورہی ہیں ۔