حیدرآباد تا رائچور قومی شاہراہ چار دن تک کیلئے مسدود

   

دریائے کرشنا پر واقع برج پر تعمیری کام جاری، مریکل سے عارضی متبادل راستہ کی رہبری

مکتھل ۔ 22 ۔ فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع سپرنٹنڈنٹ پولیس نارائن پیٹ مسٹر این وینکٹیشورلو کی جانب سے جاری کردہ ایک صحافتی اعلامیہ کے مطابق رائچور ،حیدرآباد نیشنل ہائی وے 167 کو چار دن کیلئے بند کردیا گیا ہے تاکہ د ریائے کرشنا پر واقع پل کے تعمیری کام کو تیزی اور یکسوئی کے ساتھ مکمل کرلیا جاسکے ۔ تفصیلات کے مطابق حلقہ اسمبلی مکتھل کے کرشنا منڈل میں واقع کرشنا ندی پر نظام دور حکومت میں تعمیر کردہ قدیم پل جس کو صراطِ جودی بھی کہا جاتا ہے ، پر جگہ جگہ گڑھے پڑنے کی وجہ سے روڈ کا تعمیری کام جاری ہے ، جس کیلئے آج 22 فروری کی صبح سے 25 فروری کی صبح پورے چار دن تک اس راستہ کو مسدود کردیا گیا ہے اور حیدرآباد سے رائچور جانے والوں کو مریکل سب اسٹیشن سے بائیں جانب رخ موڑتے ہوئے چتنا نور ، رام پور گیٹ ، امر چنتہ ، مستی پور برائے چورالہ ڈیام ، دھرور سے رائچور کی طرف رہنمائی کی جارہی ہے یا پھر جرچرلہ ، بھوت پور ، کوتہ کوٹہ ، ایرہ ولی چوراہا ، گدوال ، رائچور بھی راستہ کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ سرکل انسپکٹر پولیس مکتھل مسٹر ستیا نے سیاست نیوز کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس روڈ پر سفر کرنے والوں کیلئے مریکل چوراہا ، کرشنا ، ون ٹاؤن محبوب نگر و دیگر اہم رائچور جانے والے راستوں سے مربوط چوراہوں پر بڑے بڑے فلیکسی بورڈ لگاکر مسافرین اور راہگیروں کی رہبری و راہنمائی کی جارہی ہے اور قبل ازیں سوشیل میڈیا اور صحافت کے ذریعہ تمام متعلقہ پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے ذریعہ بھی چار دن تک کیلئے راستہ کی مسدودی اور دوسرے راستہ سے رہبری کی اطلاع کو عام کیا گیا ہے ، سرکل انسپکٹر نے کہا کہ برج کے دونوں جانب پولیس فورس کو متعین کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ مریکل ، محبوب نگر ، ایرہ ولی ، بھوت پور چوراہوں پر محکمہ پولیس کے ذریعہ فلیکسی و رہنمایانہ بورڈ کے علاوہ شخص رہبری بھی کی جارہی ہے ۔ ایک اطلاع کے مطابق حیدرآباد سے رائچور جانے والی آر ٹی سی بسوں کو براہ ایرہ ولی اور مریکل سے روانہ کیا جارہا ہے جبکہ بعض آر ٹی سی بس سرویس حیدرآباد تا گوڈے بلو کرشنا ٹائی روڈ سے واپس حیدرآباد ہورہی ہیں۔ سرکل انسپکٹر مکتھل مسٹر ستیا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عہدیداران سے بھرپور تعاون کریں۔