خواتین سے متعلق ٹرمپ کا بیان توہین آمیز : کملا

   

نیویارک: امریکی صدارتی الیکشن میں حکمراں جماعت کی امیدوار کملا ہیریس کا کہنا ہے کہ خواتین کے بارے میں ٹرمپ کا بیان ہم سب کیلئے توہین آمیز ہے۔عالمی خبر رساں اداے کے مطابق کملا ہیریس نے انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈونالڈ ٹرمپ کے خواتین کی حفاظت کرنے کے دعوے چاہے ’’خواتین اسے پسند کریں یا نہ کریں‘‘ ظاہر کرتا ہے کہ وہ خواتین کے بنیادی حقوق تک کو نہیں سمجھتے ہیں۔کملا ہیریس نے کہا کہ میں ریپبلکن کے صدارتی امیدوار کو بتادینا چاہتی ہوں کہ خواتین بشمول اپنے جسم، زندگی کے تمام فیصلے کرنے میں مکمل آزاد ہیں۔ڈیموکریٹ کی صدارتی امیدوار نے مزید کہا کہ ڈونالڈ ٹرمپ خواتین کی آزادی یا خواتین کی ذہانت کا احترام نہیں کرتے اس لیے وہ یہ نہیں سمجھ سکتے کہ خواتین اپنے فیصلے خود بھی لے سکتی ہیں۔کملا ہیریس نے کہا کہ ڈونالڈ ٹرمپ کے خواتین کی پسند یا ناپسند کو بالائے طاق رکھنے سے متعلق بیان میرے خیال میں ہر ایک کیلئے توہین آمیز ہے۔یاد رہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ نے ریلی میں کہا کہ مجھے میری ٹیم نے منع کیا تھا کہ میں یہ جملہ ادا نہ کروں لیکن میں کہنا چاہتا ہوں کہ خواتین کو پسند ہو یا نہ ہو لیکن میں ان کی حفاظت کروں گا۔