حیدرآباد ۔ 19 فبروری (سیاست نیوز) راجندر نگر میں سڑکوں پر بہت زیادہ بڑھ گئے درختوں سے لوگوں کو سنگین خطرہ لاحق ہے۔ ان درختوں کی مناسب انداز میں دیکھ بھال نہ ہونے سے حمایت ساگر روڈ پر سڑک کے کنارے اور درمیان شجرکاری کو فروغ دینے کے سلسلہ میں لگائے گئے درخت اب بہت زیادہ بڑھ گئے ہیں اور ان کی شاخیں فٹ پاتھس پر آگئے ہیں جبکہ سڑک کے درمیان اسٹریٹ لائیٹ پولس بھی ان درختوں سے ان پر پڑنے والے دباؤ کے باعث جھک گئے ہیں۔ انہیں ڈیری فارم کراس روڈ سے حمایت ساگر جنکشن نزد آوٹر رنگ روڈ ٹول پلازا تک دیکھا جاسکتا ہے جبکہ اس سڑک پر اہم ریسرچ ادارے جیسے این آئی آر ڈی، این آئی پی ایچ اے، این اے اے آر ایم اور WALAMTARI کے علاوہ سرکاری دفاتر جیسے سب رجسٹرار آفس، جی ایچ ایم سی آفس، ایم آر او آفس، سیول سپلائی آفس، ایم ایل اے کیمپ آفس اور ڈپٹی کمشنر آف پولیس، راجندر نگر کا آفس ہے۔ یہ درخت لگانے کیلئے تین سال قبل چار کیلو میٹرطویل اس سڑک کے دونوں جانب اور درمیان میں شجرکاری کی گئی تھی تاکہ ماحول کو سرسبز و شاداب بنایا جائے۔ تاہم یہ پودے ان برسوں میں پوری طرح درخت بن گئے اور ان کی ڈالیاں فٹ پاتھس پر آگئیں اور اس سے پیدل راہگیروں کیلئے آسانی سے چلنے کیلئے کوئی جگہ نہیں چھٹی ہے۔ میڈنس کی حالت تو اور بھی ابتر ہے جہاں پوری طرح اگے ہوئے درخت اسٹریٹ لائیٹ پولس پر غالب آگئے ہیں اور بعض پولز ان درختوں کا وزن پڑنے کی وجہ ایک طرف جھک گئے ہیں۔ کہا جاتا ہیکہ اس مصروف ترین سڑک پر درختوں کی ڈالیوں سے جو بہت زیادہ بڑھ گئے ہیں، موٹر گاڑی والوں کو سنگین خطرہ لاحق ہے اور اکثر اس کی وجہ حادثات ہورہے ہیں۔ کئی سال سے ان درختوں کے سائز کو کم کرنے کوئی کاٹ چھاٹ نہیں کی گئی۔ ایک مقامی شخص رمیش نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’لوگ ان سڑکوں کے ہاتھ ویز پر آسانی سے چل نہیں سکتے ہیں کیونکہ درختوں کی شاخیں بڑھ گئی ہیں جس کی وجہ چلنے میں کافی مشکل اور رکاوٹ ہورہی ہے چونکہ وقفہ وقفہ سے ان درختوں کے سائز کو کاٹ چھاٹ کرتے ہوئے کم نہیں کیا گیا اس لئے ڈالیاں بڑھ کر جھاڑی ہوگئی ہے جس سے ایک دہشت ناک ماحول سا ہونے کے علاوہ موٹر گاڑی والوں اور پیدل راہگیروں کیلئے بھی خطرہ لاحق ہوگیا ہے‘‘۔ معلوم ہوا کہ راجندر نگر پولیس کی جانب سے ڈپٹی کمشنر جی ایچ ایم سی راجندر نگر کو گذشتہ ماہ ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے انہیں درختوں کی ڈالیوں کی چھاٹ کیلئے اقدامات کرنے کی جانب توجہ دلائی تھی تاہم ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی کارروائی شروع نہیں کی گئی حالانکہ ڈیری فارم تا حمایت ساگر جنکشن سڑک پرٹریفک کی آمدورفت میں کافی اضافہ ہوا ہے۔