سال 2022 ء میں اترپردیش پر کانگریس کا قبضہ ہوگا

,

   

عوام کانگریس کی طرف امید بھری نگاہوں سے دیکھ رہے ہیں :صدر یو پی کانگریس

کاشی نگر ۔/27 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)اترپردیش کے کانگریس لیڈر نے کہا کہ اترپردیش میں ہوئے اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں کانگریس کی بڑھتی عوامی مقبولیت سے حوصلہ مل رہا ہے ۔ سال 2022 ء میں اترپردیش پر کانگریس کا قبضہ ہوگا ۔ ریاستی صدر کانگریس اجئے کمار لالو نے بھی دعویٰ کیا کہ ضمنی انتخابات میں کانگریس کے حق میں حوصلہ افزاء نتائج آئے ہیں ۔ 2022 ء کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس سادہ اکثریت حاصل کرکے ریاست میں اپنی حکومت بنائے گی ۔ عوام کانگریس کی طرف امید بھی نگاہوں سے دیکھ رہے ہیں ۔ کانگریس ہی واحد ایسی پارٹی ہے جو مذہب اور ذات کی بنیاد پر عوام میں تفریق نہیں کرتی ۔ تنظیم سے لیکر حکومت میں حصہ داری تک سبھی طبقات کا پورا خیال کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اترپردیش کا اقتدار کانگریس کے ہاتھوں میں ہوگا ۔ عوام تبدیلی کی خواہاں ہے ۔ عوام میں کانگریس کی مقبولیت بڑھ رہی ہے ۔ بی جے پی کے علاوہ سماج وادی پارٹی اور بی ایس پی کے لوگ حواس باختہ ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس قائدین راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کی قیادت میںیہ پارٹی تیزی سے اپنے پرانی عظمت کو بحال کرے گی ۔ ریاست میں کانگریس کی حکومت بننے کے بعد بند ہونے والی فیکٹریوں کو دوبارہ کھولا جائے گا جہاں پر نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرینکا گاندھی کی قیادت میں کانگریس سے کافی بڑی تعداد میں نوجوان منسلک ہورہے ہیں ۔ یہ تبدیلی کی جانب واضح اشارہ ہے ۔