سری لنکا کی پارلیمانی کمیٹی کی برقعہ کے استعمال پر امتناع کی تجویز

   

کولمبو ۔ 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل سیکوریٹی پر سری لنکا کی ایک پارلیمانی کمیٹی نے ملک میں مسلم خواتین کی جانب سے استعمال کئے جانے والے برقعہ پر فوری امتناع عائد کرنے کی تجویز پیش کی ہے اور ساتھ ہی ساتھ یہ تجویز بھی پیش کی ہیکہ نسلی اور مذہبی بنیاد پر کسی بھی سیاسی پارٹی کا رجسٹریشن نہیں کیا جانا چاہئے۔ یاد رہیکہ گذشتہ سال ایسٹر سنڈے دہشت گرد حملوں کے بعد اس نوعیت کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ دہشت گرد حملوں میں 250 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ دی ڈیلی میرر کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے چند ممالک نے پہلے ہی برقعہ پر پابندی عائد کردی ہے۔ مذکورہ رپورٹ کو پارلیمنٹ میں ایم پی ملیتھ جیہ تلکا نے پیش کیا جس کے مطابق پولیس کو یہ اختیارات دیئے جانے چاہئے کہ وہ کسی بھی برقعہ پوش خاتون کی شناخت کیلئے نقاب کو ہٹانے کا حکم دے اور حکم عدولی پر پولیس کو یہ اختیار بھی دیا جائے کہ وہ بغیر کسی وارنٹ کے مذکورہ خاتون کو گرفتار کرلے۔