سعودی عرب کے 8 اسکولوں میں چینی زبان کی تدریس

   

ریاض ۔ 20 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب میں محکمہ تعلیم کی سرکاری ترجمان ابتسام الشہری کے مطابق مملکت میں لڑکوں کے 8 ہائر سیکنڈری اسکولوں میں انٹرمیڈٰیٹ کے دوسرے سیمسٹر سے چینی زبان کی تدریس کا آغاز کر دیا جائے گا۔ ان اسکولوں میں 4 ریاض میں ، 2 جدہ میں اور 2 الشرقیہ صوبے میں ہیں۔ترجمان نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر کی گئی ٹویٹ میں بتایا کہ چینی زبان کا مضمون اختیاری ہو گا۔ یہ وزارت تعلیم کی جانب سے چینی زبان کی تدریس سے متعلق منصوبے کا پہلا مرحلہ ہے۔ بعد ازاں اس کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے طالبات کو بھی شامل کیا جائے گا۔یاد رہے کہ سعودی عرب کے اسکولوں میں چینی زبان کی تدریس کا فیصلہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے چینی دارالحکومت بیجنگ کے آخری دورے کے دوران سامنے آیا تھا۔ اس موقع پر دستخط کیے گئے سمجھوتے کے مطابق سعودی عرب کے اسکولوں اور جامعات میں تمام مرحلوں میں چینی زبان کو بطور کورس شامل کرنے کے لیے ایک منصوبہ وضع کیا جائے گا۔