سی اے اے ، این آر سی پر مودی سے ٹرمپ کی بات چیت متوقع

,

   

واشنگٹن ۔ /22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے دورہ ہند کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں ۔ اس بیچ ایک سینئر امریکی عہدیدار نے بتایا کہ اپنے دورہ کے موقع پر ٹرمپ کئی امور پر بات چیت کریں گے جن میں شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور این آر سی کے حوالے سے مذہبی ، آزادی پر تبادلہ خیال بھی شامل ہے ۔ اپنے دو روزہ دورہ کے دوران امریکی صدر کشمیر پر بھی بات کریں گے جبکہ باہمی مذاکرات کے لئے ہندوستان اور پاکستان کے اقدامات بھی زیربحث آئیں گے ۔ توقع ہے کہ ان امور پر ٹرمپ ، وزیراعظم مودی سے ملاقات میں تبادلہ خیال کرسکتے ہیں ۔ خاص طور پر مذہبی آزادی جو دستور کا حصہ ہے اور انتظامیہ کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ دونوں ممالک مشترکہ طور پر بین الاقوامی اقدار اور قانون کی حکمرانی کی برقراری کے پابند عہد ہیں ۔ امریکہ ، ہندوستان کی جمہوری روایات اور جمہوری اداروں کا بہت احترام کرتا ہے اور ان کی برقراری کیلئے وہ ہندوستان کی حوصلہ افزائی کرے گا کیونکہ ہندوستانی دستور میں تمام مذاہب کے ساتھ یکساں سلوک کی بات کہی گئی ہے ۔ امریکی صدر کیلئے یہ بات اہمیت رکھتی ہے اور وہ اس پر بات چیت کرسکتے ہیں ۔ امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی نے اپنی تازہ سالانہ رپورٹ میں ہندوستان میں اقلیتوں سے برتاؤ پر تشویش ظاہر کی ہے۔ مودی اقتدار کے دوران امریکی کمیشن مسلسل تنقید کرتا آرہا ہے۔