شیشہ و تیشہ

   

قطب الدین قطبؔ
تدبیر و تقدیر!
تدبیر کے بدلنے سے ہی بدلتی تقدیر
سال کے بدلنے سے نہیں بدلتی تقدیر
جو طئے نہ کرسکے فکر و عمل کے مراحل
اُس قوم سے کہہ دو نہیں بدلتی تقدیر
………………………
پاپولر میرٹھی
شیطان آدھا رہ گیا
فتح کرنے کے لئے میدان آدھا رہ گیا
آدھا پورا ہو گیا ارمان آدھا رہ گیا
قرض جتنوں نے لیے تھے ہو گئے سب لاپتہ
شمع کی مانند گھل کر خان آدھا رہ گیا
کانگریس اور جنتادل میں بٹ گئے صوبے تمام
پھر تو یوں کہئے کہ ہندوستان آدھا رہ گیا
مانتا ہوں میں کہ تیری میزبانی کم نہ تھی
لوٹ کر پھر کیوں ترا مہمان آدھا رہ گیا
سرحدوں پر جنگ کا انجام تھا سر پر سوار
ڈر کے مارے فوج کا کپتان آدھا رہ گیا
تیرا آدھا کام خود انسان ہی کرنے لگے
کام تیرا اب تو اے شیطان آدھا رہ گیا
آپ کی ایسے میں آخر میں تواضع کیا کروں
آپ کے آئے قدم جب نان آدھا رہ گیا
بارہا میں کہہ چکا اس چور سے ہشیار رہ
تیرے کمرے کا ہر اک سامان آدھا رہ گیا
ناج جتنا تھا وہ سب مکھیا کی بھینسیں چر گئیں
اور کلو رام کا کھلیان آدھا رہ گیا
والدہ راضی ہیں ان کی اور والد ہیں خفا
اب تو شادی کا مری امکان آدھا رہ گیا
آہ اب دو چارپائی کی بھی گنجائش نہیں
کھنچ گئی دیوار اور دالان آدھا رہ گیا
لڑ جھگڑ کر پاپولرؔ وہ اپنے گھر کو چل دیا
شاعری رخصت ہوئی دیوان آدھا رہ گیا
………………………
آنسو…!!
٭ ایک ٹیچر کی ہزاروں نصیحتیں اور ڈانٹ دلآزاری کا باعث نہیں بنتی …
لیکن امتحان گاہ میں ایک دوست کی خاموشی آنکھوں میں آنسو لے آتی ہے …!!
نُصیر عارض خان ۔ بورابنڈہ
………………………
سوشیل میڈیا پر شاعری …!
٭ فیس بک پر ایک میر تقی میرؔ کے چاہنے والے نے اپنے گروپ ممبر سے گذارش کی کہ میرؔ کا کوئی درد بھرا شعر پوسٹ کریں جس پر میں نے (احتشام ؔ) برجستہ کہہ دیا ؎
میرؔ کا درد میرؔ ہی بہتر جانے
ہمیں تو اپنے مسائل رُلاتے ہیں
محمد احتشام الحسن مجاہد۔سکندرآباد
………………………
شریف آدمی …!!
٭ سعادت حسن منٹو نے کافی لوگوں کے اسکیچ لکھے ہیں اور اس سلسلے میں انکی کتاب ’’گنجے فرشتے‘‘ کافی مشہور ہے۔
جب ان سے احمد ندیم قاسمی کا کیریکٹرا سکیچ لکھنے کی فرمائش کی گئی تو وہ اُداس ہو کر نہایت بجھے بجھے لہجہ میں کہنے لگے۔
’’قاسمی کا اسکیچ؟ وہ بھی کوئی آدمی ہے، جتنے صفحے چاہو سیاہ کرلو، لیکن بار بار مجھے یہی جملہ لکھنا پڑے گا۔
قاسمی بہت شریف آدمی ہے، قاسمی بہت شریف آدمی ہے‘‘۔
ابن القمرین۔ مکتھل
………………………
انداز اپنا اپنا …!!
٭ وہ ہمیں زہر دے کر ماردیتی تو زمانے کی نظروں میں آجاتی ۔ انداز قتل تو دیکھو ! اس نے ہم سے شادی کرلی ۔
………………………
حفظانِ صحت…!
٭ روزانہ نہانے سے سو بیماریاں دور ہوتی ہیں لیکن نہ نہانے سے جو بیماریاں دور رہتی ہیں ان میں سے ایک محبوبہ ہے …!!
نجیب احمدنجیبؔ ۔ حیدرآباد
………………………
ایسا کرتے ہیں …!!
٭ ایک صاحب وزیر بننے کے بعد اپنے حلقہ انتخاب گئے تو اہم پارٹی ورکر نے انھیں گھیرلیا میں بیروزگار ہوں سر مجھے نوکری چاہئے ۔
بیروزگاری بہت زیادہ ہے بھرتیوں پر پابندی بھی لگی ہوئی ہے ۔ وزیر صاحب سر کھجاتے ہوئے بولے لیکن پارٹی کیلئے تمہاری خدمت کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ایسا کرتے ہیں بیروزگاری کے اسباب کی تحقیقات کے لئے کمیٹی بنادیتے ہیں ، تم اس کمیٹی کے سربراہ بن جاؤ…!!
ایم اے وحید رومانی ۔ پھولانگ ، نظام آباد
………………………