شیشہ و تیشہ

   

مزمل گلریزؔ
آج بھی ہے …!!
اچھے دنوں کا انتظار آج بھی ہے
پچاس ہزار کیلئے سبھی بیقرار آج بھی ہے
پہلے جو کھاتے تھے اس میں نہیں کوئی تبدیلی
پیاز، روٹی اور اچار آج بھی ہے
دولت اتنی کہ کئی نسلیں کھاسکیں
مال و زر سے پھر بھی پیار آج بھی ہے
شروع سے ہی ہے میاں بیوی میں ان بن
ایک دوسرے سے بیزار آج بھی ہے
ملازمت کرنا شوہر کی قسمت میں ہے
بیوی کا تنخواہ پہ اختیار آج بھی ہے
بیوی پر کریں حکومت، نہیں کسی میں ہمت
پر شوہر شرمندہ و شرمسار آج بھی ہے
کاہلی آج کے نوجوانوں کی گھٹی میں ہے
لاکھوں نوجوان بیکار آج بھی ہے
محبت کے لئے عمر کی نہیں کوئی قید
پچاس سالہ عشق کے بیمار آج بھی ہے
ساس اور بہو کی دشمنی ہے ازل سے گلریزؔ
طعنے، جھگڑے، بحث و تکرار آج بھی ہے
………………………
شرائط کے ساتھ خوبصورت، اکلوتی لڑکی کیلئے رشتہ…!!
٭ لڑکا ہینڈسم اور اس پرکوئی ذمہ داری نہ ہو…!
٭ لڑکے کو اپنے نام پر ذاتی فلیٹ رکھنا ہوگا
٭ لڑکے کی تنخواہ کے ساتھ اُوپرکی آمدنی (ملائی) بھی دیکھی جائے گی۔
٭ ساس سُسر نہ ہوں تو بھی چلے گا۔
٭ لڑکی ہر مہینہ 15 دن میکے میں باقی دنوں میں سسرال میں رہے گی۔
٭ لڑکی صرف بریانی ہی پکاسکتی ہے۔ روز کے پکوان کیلئے خادمہ کو رکھنا ہوگا۔
٭ شاپنگ کیلئے کریڈیٹ کارڈ فراہم کرنا ہوگا…!!
٭ ہر اتوار کو تفریح اور ہوٹلنگ کرانا ہوگا۔
٭ وداعی تقریب میں لڑکے والوں کیلئے صرف چائے پانی کا انتظام کیا جائے گا۔
٭ جہیز کے لالچی اور عقدثانی والے حضرات براہ کرم ربط پیدا نہ کریں۔
سید اعجاز احمد۔ ورنگل
……………………
کاپی پیسٹ کانتیجہ …!!
٭ مولوی صاحب نے تقریر کرتے ہوئے کہا: ’’میری زندگی کے سب سے بہترین دن اور میری زندگی کی سب سے اچھی راتیں اس عورت کے ساتھ گزرے جو میری بیوی نہیں ہے۔ میں آپکو…‘‘
ابھی مولوی صاحب نے بات پوری بھی نہیں کی تھی کہ حاضرین میں چہ میگوئیاں شروع ہوگئیں۔’’میں آپ کو بتاتا ہوں کہ وہ عورت میری ماں تھی‘‘ مولوی صاحب نے اپنی بات پوری کی۔
عارف نے بھی یہ سب سُنا اور اس نے سوچا کہ اپنی بیوی کے ساتھ ذرا دل لگی کرنا چاہیے، یہ سونچتے ہوئے وہ گھر پہنچا اور جب وہ گھر میں داخل ہوا تو اُس نے دیکھا کہ اس کی بیوی باورچی خانے میں فرائینگ پین میں پکوڑے تلنے میں مصروف تھی۔عارف نے کہنا شروع کیا: ’’میری زندگی کے سب سے بہترین دن اور میری زندگی کی سب سے اچھی راتیں جس عورت کے ساتھ گزریں، وہ تم نہیں ہو… … آہ، اُففففف
4 دن کے بعد جب اُسے اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تو تیل سے جلنے کے زخم خاصے مندمل ہو چکے تھے۔تب اُس نے سوچا کہ کاپی پیسٹ کا عمل ہر جگہ ایک سا نہیں ہوتا۔ کبھی پیسٹ کرنے سے قبل دو سے چار بار غور کرلینا چاہئے کہ کس کے روبرو کاپی پیسٹ کا عمل ہورہا ہے …!!
ابن القمرین۔ مکتھل
………………………
ارادہ بدل جائے …!!
بیوی (شوہر سے) کہاں جارہے ہو؟
شوہر (غصہ سے): خودکشی کرنے۔
بیوی: ساتھ میں ایک تھیلی لے جاتے تو اچھا تھا …!!
شوہر: وہ کس لئے …؟
بیوی: اگر آپ کا ارادہ بدل جائے تو اس تھیلی میں ایک کیلوٹماٹر لے آنا …!!
محمدمجتبیٰ علی آشف۔محبوب نگر
……………………
ستارے…!!
شوہر: بیگم تم جانتی ہو ہمارے ستارے مل گئے ورنہ میری شادی سے پہلے 20 لڑکیوں سے دوستی تھی …!!
بیوی: جی! صرف ہمارے ستارے ہی نہیں بلکہ ہماری عادات بھی ملتی جلتی ہیں …!
سید شمس الدین مغربی۔ریڈہلز
……………