شیشہ و تیشہ

   

اقبال شانہؔ
مزاحیہ غزل
فرض ہم اپنا نبھاکر سوگئے
پاؤں بیگم کے دباکر سوگئے
سورہے ہیں وہ پلنگ پر اور ہم
فرش پر بستر بچھاکر سوگئے
گونج اُٹھا اُن کے خراٹوں سے گھر
نیند وہ میری اُڑاکر سوگئے
ریل کے ڈبّے میں جب نیند آگئی
ہاتھ کا تکیہ بناکر سوگئے
کیا سنائیں خاک ہم اپنی غزل
وہ غزل اپنی سناکر سوگئے
رات چوری کا ہمیں کھٹکا ہوا
ڈر کے بیگم کو جگاکر سوگئے
ہڑبڑاکر جاگ اُٹھے نیند سے
اور یونہی بڑبڑاکر سوگئے
نیند میں چلنے کی عادت ہے انھیں
رات چڑیا گھر میں جاکر سوگئے
سوگئے شانہؔ وہ اپنی قبر میں
ہم بھی چار آنسو بہاکر سوگئے
………………………
گرج چمک کے بعد …!!
٭ مشہور زمانہ یونانی فلسفی سقراط کی بیوی بہت جھگڑالو عورت تھی ۔ ایک دن کسی بات پر سقراط کو جلی کٹی سنانے لگی ۔ سقراط کچھ دیر چپ چاپ بیٹھا سنتا رہا پھر کمرے سے باہر جاکر بیٹھ گیا ۔ جب بیوی نے دیکھا کہ سقراط پر اس کی باتوں کا کوئی اثر نہیں ہورہا ہے تو اس نے پانی سے بھری بالٹی سقراط پر انڈیل دی ۔ سقراط پانی میں بھیگ کر بے ساختہ ہنسنے لگا اور بولا : ’’مجھے علم تھا کہ ایسا ضرور ہوگا ، گرج چمک کے بعد بارش ہی ہوتی ہے …!!‘‘
مبشر سید ۔ چنچلگوڑہ
………………………
کیا تم بھی …؟
٭ مرزا غالب نے ایک کتاب ’’قاطع برہان‘‘ لکھی، اسکا جواب اکثر مصنفوں نے دیا، ان میں سے بعض کے جواب مرزا نے بھی لکھے اور ان میں زیادہ تر شوخی اور ظرافت سے کام لیا لیکن مولوی امین الدین کی کتاب’’قاطع قاطع‘‘ کا جواب مرزا نے کچھ نہیں دیا کیونکہ اس میں فحش اور ناشائستہ الفاظ کثرت سے لکھے تھے۔
کسی نے کہا۔ ’’حضرت آپ نے اس کا کچھ جواب نہیں لکھا‘‘۔
مرزا نے جواب دیا۔ ’’اگر کوئی گدھا تمھیں لات مار دے تو کیا تم بھی اس کو لات مارو گے؟‘‘۔
ابن القمرین ۔ مکتھل
………………………
کچھ دل سے …!!
ایک دوست ( دوسرے سے ) اگر میں تمہیں گدھا کہوں تو تم کیا کروگے …؟
دوسرا دوست : میں تمہیں جوتے ماروں گا !
پہلا : اگر میں میرے دل میں تمہیں گدھا کہوں تو …!؟
دوسرا : بھلا میں کیا کرسکتا ہوں …!!
پہلا : اچھا …! میں میرے دل میں تمہیں گدھا … گدھا کہہ رہا ہوں ۔
عاطف ، انس ، ایان۔ سعودی عرب
………………………
نظریاتی فرق …!!
٭ میرا بیٹا اتنا خراب ہے کہ اپنی پوری تنخواہ اپنی بیوی کو دیتا ہے …!؟
میرا داماد اتنا اچھا ہے کہ پوری تنخواہ لاکر میری بیٹی کو دیتا ہے …!!
شعیب علی فیصل ۔محبوب نگر
………………………
کیوں کہ …!
٭ ادھیڑ عمر کے شوہر نے اپنی نوجوان بیوی سے محبت جتاتے ہوئے کہا …!
ابھی تک میری زندگی سے دور کیوں رہیں ؟
یہ سن کر بیوی نے طنزیہ جواب دیا : ’’کیونکہ حضور کی بیس برس کی عمر میں تو میں پیدا بھی نہیں ہوئی تھی …!!‘‘
محمد منیرالدین الیاس ۔ مہدی پٹنم
………………………
باادب بم دھماکہ…!
٭ گرلز کالج کے باہر بم بلاسٹ کے بعد نیوز رپورٹر زخمی لڑکی کے پاس پہنچا اور اس سے پوچھا : ’’ جب بم گرا تو کیا وہ ایک دم پھٹ گیا ؟‘‘
زخمی لڑکی نے غصے سے کہا : ’’ جی نہیں ! وہ رینگتے ہوئے میرے قریب آیا اور نہایت با ادب ہو کر پیار سے بولا :
’’ باجی . . . ٹھاہ ! ‘‘
حبیب ہادی بن احمد رفیع ۔ چندرائن گٹہ
………………………