عادی رہزن گرفتار، مسروقہ مال ضبط

   

حیدرآباد 22 مارچ (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے ایک رہزن کو گرفتار کرتے ہوئے اُس کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 27 سالہ محمد عمران جو پیشہ سے اے سی ٹیکنیشن ہے اور گولکنڈہ علاقہ کا ساکن ہے۔ ساتویں جماعت تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد اُس نے تعلیم ترک کردیا۔ معاشی پریشانیوں کے سبب اُس نے مزدوری کرنا شروع کیا اور وہ کارپنٹر، پلمبر اور آٹو موبائیل میکانک کے پاس ملازمت کرنے لگا۔ بعدازاں اُس نے اے سی ٹیکنیشین کی حیثیت سے ملازمت حاصل کی۔ اِسی دوران محمد عمران کی ملاقات عادی رہزن افروز، جعفر اور عرفان سے ہوئی جو رہزنی کی وارداتوں میں ملوث ہیں اور اُنھیں سال 2014 ء میں گرفتار کیا گیا تھا۔ جیل سے رہائی کے بعد وہ دوبارہ سرگرم ہوگیا اور رین بازار علاقہ میں معمر خاتون کو نشانہ بناتے ہوئے اُس کے گلے سے طلائی چین اُڑالیا تھا۔ ٹاسک فورس نے سی سی ٹی وی کی مدد سے عمران کا پتہ لگایا اور اُسے گرفتار کرتے ہوئے اُس کے قبضہ سے 12 تولے طلائی زیورات برآمد کرلئے اور اُسے جیل بھیج دیا گیا۔