عمان میں چھ ہندوستانی تعمیراتی ورکرس حادثہ میں ہلاک

   

دوبئی ۔ 12 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) عمان میں شدید بارش کی وجہ سے پانی کے پائپ لائن پراجکٹ پر کھدوائی کے دوران چھ ہندوستانی ورکرس زندہ دفن ہوگئے ۔ مسقط کے سیب علاقہ میں شدید بارش کی وجہ سے اتوار کو یہ حادثہ پیش آیا ۔ مسقط میں واقع ہندوستانی سفارت خانہ نے یہ اطلاع دی اور اپنے ٹوئیٹ میں اس حادثہ پر شدید رنج کا اظہار کیا جن میں ہلاک ہونے والے چھ ورکرس کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ ہندوستانی تھے ۔ 10 نومبر کو عمان میں شدید بارش ہوئی تھی ۔ سفارت خانہ کے مطابق وہ عمانی حکام سے مسلسل ربط میں ہے تاکہ حادثہ کی اصل وجوہات اور نوعیت کے علاوہ مہلوکین کی شناخت کو بھی یقینی بنایا جاسکے ۔ سفارت خانہ نے اپنے ایک اور ٹوئیٹ میں مہلوکین کے ارکان خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کے علاوہ ان کی ہر طرح سے مدد کرنے کا تیقن بھی دیا ۔
حالانکہ اب تک ان حالات کی کوئی تفصیل نہیں پیش کی گئی ہے جس میں حادثہ پیش آیا جبکہ مقامی میڈیا میں شائع کی گئی رپورٹس کے مطابق ہندوستانی ورکرس زمین سے 14 میٹر گہرائی میں پائپ لائن کے ایک سیکشن میں کام کر رہے تھے ۔ دریں اثناء بچاؤ کاری عملہ نے زندہ دفن ہوئے ورکرس کی نعشوں کو 14 گھنٹوں کی سخت محنت کے بعد باہر نکالا۔