عید سادگی سے منانے ادھو ٹھاکرے کی مسلمانوں سے اپیل

,

   

ممبئی: مہاراشٹرا چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ اس سال عیدالاضحی سادگی سے منائیں۔ چیف منسٹر منگل کے روز پارٹی کے مسلم اراکین اسمبلی، مسلم وزراء اور پولیس عہدیداروں کے علاوہ ڈپٹی چیف منسٹر اجیت پوار سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے ریاست کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ عیدالاضحی سادگی سے منائی جائے۔

انہوں نے بڑے جانوروں کی قربانی کے تعلق سے خاموشی اختیار کرلی۔ چیف منسٹر نے اضلاع میں عیدالاضحی سے قبل لگائی جانے والی روایتی بکرا منڈیوں کی اجازت دینے سے انکار کردیا اور کہا کہ بکروں کی منڈی اور ان کی آمد و رفت سے وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے۔ہجوم اکٹھا ہونے سے وباء پھیلنے کا خدشہ مزید بڑھ جاتا ہے۔ لہذا مسلمان عیدالاضحی سادگی سے منائیں۔ انہوں نے کہا کہ جبکہ ریاست میں کوویڈ۔19 کے واقعات میں روزانہ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اس وباء کو روکنے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پچھلے چار ماہ سے ہر مذہب کے تہوار سادگی سے منائے گئے ہیں۔ اسی طرح تمام احتیاطی تدابیرکے ساتھ عیدالاضحی بھی سادگی سے منائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہجوم سے پرہیز کریں۔ مسلمان منڈیوں سے بکرا خریدنے کا مطالبہ نہ کریں۔ریاستی وزیر داخلہ انیل دیشمکھ نے بھی کہا کہ اس سال عیدالاضحی سادگی سے منائی جائے۔