عید کی خریداری نہ کریں، مستحقین اور دینی مدارس کو مدد کریں

   

مفتی محمد مستان علی قادری بانی و ناظم اعلیٰ جامعۃ المومنات کی اپیل
حیدرآباد۔ یکم؍ مئی، ( راست ) ڈاکٹر مفتی محمد مستان علی قادری بانی و ناظم اعلیٰ جامعۃ المومنات نے بتایا کہ حالیہ کورونا وائرس کا قہر جاری ہے یہ ایسا وبائی مرض ہے جو دنیا بھر میں پھیل چکا ہے لاکھوں افراد اس مرض سے متاثر ہیں ۔ ہندوستان بھی کورونا وائرس کی زد میں ہے۔ ہندوستان میں لاک ڈاون اور رات کا کرفیو نافذ ہے نہیں معلوم یہ سلسلہ کب تک جاری رہے گا۔ لوگ اپنے گھروں میں فرص نمازیں ، جمعہ ، روزے اور نماز تراویح کا انفرادی طور پر اہتمام کررہے ہیں اور خوف و پریشانی کے عالم میں اپنے رب کے حضور دعائیں کررہے ہیں کہ اے اللہ اپنے فضل و کرم سے ہم سب کی حفاظت فرما اور مہلک مرض کا جلد از جلد خاتمہ فرما ۔ مفتی محمد مستان علی قادری نے مسلمانوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیسوں کو کپڑے ، چپل و دیگر آرائش مکان کی چیزوں کی خریداری سے گریز کریں اور وہی پیسوں کو مستحقین، غریب و یتیم ، مساکین اور خاص طور پر دینی مدارس جہاں ہزاروں طلباء و طالبات علوم اسلامیہ کے زیور سے آراستہ ہوتے ہیں وہاں خرچ کریں۔ مفتی محمد مستان علی قادری نے بیان کے آخر میں مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ عید کی خریداری کیلئے پیسے نہ ہوں تو قرض لے کر یا رہن میں سونا رکھ کر ہرگز خریداری نہ کریں بلکہ اس مرتبہ اپنے پیسوں کی بچت کریں۔ نہ معلوم کہ آئندہ کیسے مرحلے آنے والے ہیں لہذا اعلیٰ خریداری سے گریز کریں ، ان پیسوں کو مستحقین میں تقسیم کرکے خوشیاں بانٹیں تاکہ مستحقین بھی عید کے موقع پر شیر خورمہ پی سکیں۔