کینبرا : آسٹریلیا کی وزیرِخارجہ پینی وونگ نے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں بے گناہ شہریوں کے قتل کی مذّمت کی اور کہا ہے کہ علاقے میں انسانی امداد کے داخلے کی اجازت دی جائے۔ وونگ نے سوشل میڈیا سے غزہ پر اسرائیلی حملوں سے متعلق جاری کردہ بیان میں آسٹریلیا کی جنگ بندی اپیل کو دہرایا اور کہا ہے کہ “حماس کو شکست دینے کی قیمت فلسطینی شہریوں سے وصول نہیں کی جانی چاہیے”۔انہوں نے اسرائیل کے غزہ پر حملوں میں “بے گناہ شہریوں کے قتل” کی مذمت کی ،غزہ کے شمال میں انسانی صورتحال “ناقابل قبول” قرار دیا اور کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت کو علاقے میں انسانی امداد کے داخلے کی اجازت دینی چاہیے۔
ایرانی فورسز کی فائرنگ
200افغان شہری جاں بحق
کابل : افغان میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایرانی صوبے سیستان و بلوچستان میں فائرنگ سے 200 سے زیادہ افغان شہری جاں بحق ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق افغان شہری غیر قانونی طریقے سے ایران میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، ایران میں داخل ہونے والے افغان شہریوں کو ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا ۔ ایرانی بارڈر گارڈز کی جانب سے فائرنگ کی تردید کی گئی ہے۔ ایران میں داخلے کی کوشش کرنے والے افغانوں کی تعداد 300 تھی، ایرانی بارڈرگارڈز نے پہاڑوں میں چھپ کر افغان شہریوں کو نشانہ بنایا۔