فرانس کو سبق سکھائیں، فرنچ پراڈکٹس کا بائیکاٹ کریں: ترکی

,

   

میکرون کی مخالف اسلام پالیسی عالمی امن کیلئے خطرہ ،یوروپی یونین سے مداخلت کرنے ترک صدر اردغان کا مطالبہ

انقرہ : صدر ترکی رجب طیب اردغان نے پیر کو ترک عوام سے فرانسیسی اشیاء کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ہے کیونکہ صدر فرانس ایمانیول میکرون اسلام کے خلاف خوف پیدا کرنے والے اشتعال انگیز بیانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرانس جیسے ملک کی مخالف اسلام پالیسی خطرہ کی بات ہے اور یہ مسلم دنیا کیلئے قابل قبول نہیں ہوسکتی۔ اردغان نے میلادالنبیؐ کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ آج کل مسلمان برقرار رہنا مشکل سے مشکل تر ہوتا جارہا ہے اور مغربی ملکوں میں اسلامی طرز زندگی گزارنا جوئے شیر لانے سے کم نہیں ۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کیا کہ اسلاموفوبیا کو بڑھاوا دینا کسی بھی عالمی خطہ کیلئے ٹھیک نہیں۔ انہوں نے یوروپین یونین سے نفرت پر مبنی جرم کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا : ’’میرا ماننا ہے کہ یوروپی یونین کے اداروں پر اسلاموفوبیا جیسے معاملہ سے نمٹنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ یوروپین کونسل اب اس معاملہ کو مزید نظرانداز نہیں کرسکتی۔ یوروپی سیاستدانوں کو میکرون سے ملاقات کرتے ہوئے اس معاملہ میں مداخلت کرنا چاہئے۔ حالیہ عرصہ میں میکرون مخالف اسلام مہم کی قیادت کرتے رہے ہیں اور اب ان کی پالیسیوں پر روک لگانے کا وقت آگیا ہے ‘‘۔ ترکی ایسے ممالک میں نمایاں ہے جنہوں نے فرانسیسی صدر کے ریمارکس پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔