بیشک اللہ تعالیٰ اور اُس کے فرشتے درود بھیجتے ہیں اُس نبی مکرم پر اے ایمان والو! تم بھی آپؐ پر درود بھیجا کرو اور (بڑے ادب و محبت سے) سلام عرض کیا کرو۔ (سورۃ الاحزاب : ۵۶)
اذان کے بعد: حضرت عبد اللہ بن عمرو سے مروی ہے کہ حضور (ﷺ) نے فرمایا کہ جب موذن کو تم اذان دیتے ہوئے سنو تو وہی جملے دہراؤ جو وہ کہہ رہا ہے ۔ پھر مجھ پر درود پڑھو کیونکہ جو مجھ پر درود پڑھتا ہے اللہ تعالیٰ اس پر دس مرتبہ درود پڑھتا ہے۔ مسجد میں داخل ہوتے وقت اور نکلتے وقت : حضرت عبد اللہ بن حسن اپنی والدہ ماجدہ فاطمہ بنت حسین ؓاپنی دادی صاحبہ حضرت خاتون جنت ؓ سے روایت کرتے ہیں : قالت قال رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وسلم) اذا دخل المسجد صلی علی محمد ثم قال اَللّٰھُمَّ اغْفِرْلِیْ ذُنُوْبِیْ وَافْتَحْ لِیْ اَبْوَابَ رَحْمَتِکَ واذا اخرج صلی علی محمد وسلم ثم قال اَللّٰھُمَّ اغْفِرْلِیْ ذُنُوْبِیْ وَافْتَحْ لِیْ اَبْوَابَ فَضْلِکَ۔ دعا کرتے وقت: حضرت فاروق اعظم ؓ سے مروی ہے کہ دعا میں جب تک درود پاک نہ پڑھا جائے وہ قبول نہیں ہوتی اور زمین وآسمان کے درمیان معلق رہتی ہے۔ نماز کے بعد دعا سے پہلے : حضرت عبد اللہ فرماتے ہیں کہ میں نماز پڑھ رہا تھا۔ حضور اکرم (ﷺ) ، حضرت صدیقؓ اور حضرت فاروق اعظمؓ تشریف فرما تھے۔ جب میں نماز سے فارغ ہو کر بیٹھا تو پہلے میں نے اللہ تعالیٰ کی ثنا کی ، پھر میں نے درود پاک پڑھا پھر اپنے لئے دعا مانگنے لگا، تو حضور (ﷺ) نے فرمایا: اب مانگ! تجھے دیا جائے گا۔ …جاری ہے