مصر میں خانہ کعبہ کے ماڈل کے ساتھ رمضان جلوس، منتظمین گرفتار

   

قاہرہ ۔21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) مصر کے علاقے اسکندریہ میں ماہ رمضان کی آمد پر جلوس نکالنے کے بعد اور اس کی ویڈیو وائرل ہونے پر منتظمین کو حراست میں لے لیا گیا۔اہل مصر رمضان کے پہلے دن ماہ مبارک کی آمد کا باقاعدہ جشن منا تے ہیں۔ رات کے کرفیو کے باوجود اسکندریہ شہر کے باشندے خانہ کعبہ کا ماڈل اٹھائے سڑکوں پر نکل آئے۔ویب سائٹ کے مطابق اہل مصر نے رمضان کی آمد کاجشن مختلف انداز سے منایا۔کورونا وائرس کے باعث اختیار کی جانے و الی احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کرنے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں اسکندریہ کے باشندے خانہ کعبہ کا ماڈل لے کر گھومتے رہے ۔یہ مصر میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ تھا۔جلوس کے شرکا رمضان کے خیر مقدمی نعروں کے علاوہ یہ بھی کہہ رہے تھے کہ یہاں کورونا نہیں ہے۔ شرکا نے کورونا وائرس کی موجودگی پر شک وشبے کا اظہار کیا۔سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے پر صارفین نے اپنے غصے کا اظہار کرنے کے لیے اسکندریہ ہیش ٹیگ کا استعمال کیا ہے۔