نیویارک : امریکی حکومت نے معذور مسافروں کو وہیل چیئر کی امداد فراہم کرنے میں ناکامی اور پانچ سال کی مدت کے دوران ہزاروں وہیل چیئرز کو نقصان پہنچانے پر امریکن ایئرلائنز کو 13 ارب روپے سے زائد (پانچ کروڑ ڈالر) کا جرمانہ کیا ہے۔امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹیشن نے گزشتہ روز کہا کہ کچھ واقعات میں وہیل چیئر استعمال کرنے والے افراد زخمی ہوئے ہیں۔امریکن ایئرلائنز نے کہا کہ اس نے وہیل چیئرز کی ہینڈلنگ کو بہتر بنانے کے لیے کافی سرمایہ کاری کی ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی طرف سے ریکارڈ کیے گئے واقعات 2019 اور 2023 کے درمیان پیش آئے۔تحقیقات کا آغاز امریکہ کے معذور سابق فوجیوں کی طرف سے امریکن ایئرلائنز کے خلاف دائر کردہ تین رسمی شکایات کے ذریعہ کیا گیا تھا۔تفتیش کاروں نے گذشتہ سال میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک واقعے کی ویڈیو بھی قبضے میں لی۔ ایئرلائن کے عملے نے سامان کے ریمپ سے نیچے ایک وہیل چیئر کو کھسکائی جو نیچے جا کر کنکریٹ سے جا ٹکرائی۔ٹرانسپورٹیشن سیکریٹری پیٹ بٹگیگ نے کہا کہ امریکن ایئر لائنز ’بدترین خلاف ورزی کرنے والی ایئرلائنز میں سے ایک دکھائی دیتی ہے، لیکن تفتیش کاروں نے جو مسائل دیکھے ہیں وہ ایک ایئر لائن تک محدود نہیں ہیں۔‘انہوں نے کہا کہ محکمہ دیگر ایئر لائنز کے بارے میں بھی اسی طرح کی تحقیقات کر رہا ہے، لیکن وہ ان کا نام نہیں لیں گے۔