مودی ملازمتوں کو تباہ کرنے والے کے طور پر یاد کئے جائینگے :کانگریس

,

   

نئی دہلی-کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کی اپنی مدت کار میں سب سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے دعوے کو غلط بتاتے ہوئے کہا کہ حقیقت تو یہ ہے کہ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کو جلد بازی میں نافذ کرنے کے فیصلے سے صرف 2018میں ہی ایک کروڑ لوگوں کا روزگا ر چھن گیا۔

کانگریس کے سینئر ترجمان جے رام رمیش نے یہاں پارٹی کی بریفنگ میں کہا کہ مسٹر مودی حقیقت پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔

روزگار کے سلسلے میں حکومت کی ایک نہیں تین تین رپورٹوں کو دبا کر رکھا گیا ہے ۔

مسٹر مودی کے دور اقتدار میں ملک میں روزگار کے مواقع کا سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی سے پہلے ملک میں گیارہ وزرائے اعظم ہوئے لیکن کسی بھی وزیر اعظم کے مدت کار میں اس سطح پر روزگار کے مواقع کم نہیں ہوئے اور نہ ہی اتنی بڑی تعداد میں لوگ بے روزگار ہوئے ۔

مسٹر مودی کے پانچ سال کے دور اقتدار میں ملک میں بڑی سطح پر پہلی مرتبہ لوگوں کا روزگار چھن گیا اور ملازمتیں ختم ہوگئیں۔