نلہ ملہ جنگلات کو بچانے کی مہم مزید متحرک، مہم میں نامور لوگ شامل، صدرجمہوریہ سے مداخلت پر زور

   

حیدرآباد ۔ 14 ستمبر (سیاست نیوز) نلہ ملہ جنگلات کو بچانے اور اس کے تحفظ کیلئے مہم میں نامور افراد کے اس میں شامل ہونے کے ساتھ مزید تحریک پیدا ہوگئی ہے جو ان جنگلات سے یورانیم کی مائننگ کی تجویز کے خلاف ہیں۔ سوشل میڈیا پر نلہ ملہ بچاؤ مہم چل رہی ہے جس میں فلم اداکار، اسپورٹس پرسنس، این جی اوز، ماحولیات کے ماہرین اور متفکر شہری اس آن لائن مہم میں شامل ہورہے ہیں۔ مشہور اداکارہ سمنتھا اکینینی صدرجمہوریہ کے نام آن لائن درخواست میں ان پر زور دیا کہ تلنگانہ اور آندھراپردیش میں پھیلے ہوئے ان جنگلات کو بچانے اور اس کے تحفظ کیلئے مداخلت کریں۔ اس آن لائن پٹیشن پر اداکارہ اناسویا بھردواج نے بھی دستخط کئے اور ان جنگلات میں یورانیم کی مائننگ سے ہونے والے مضر اثرات پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ اداکار رندیپ ہودا، مشہور بیاڈمینٹن پلر جوالا گٹہ، معروف ڈائرکٹر شیکھر اور اداکار ٹی بھارنی نے نلہ ملہ کو بچانے کیلئے چلائی جارہی مہم کی تائید و حمایت کا اعلان کیا ہے۔ پون کلیان نے بھی اس مہم کی تائید کا اعلان کیا۔ انہوں نے کانگریس پارٹی کی جانب سے شروع کی گئی اس مہم کی تائید کی۔