نواب صاحب کنٹہ میں ہنگامہ آرائی پر تین افراد بشمول روڈی شیٹر گرفتار

   

سی سی کیمروں سے خاطیوں کی نشاندہی ، دو ملزمین مفرور ، اے سی پی چارمینار انجیا کا بیان
حیدرآباد۔ 2 مئی (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ نواب صاحب کنٹہ میں کل رات دیر گئے پیش آئے روڈی شیٹرس کی ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے کیس میں 3 افراد بشمول ایک روڈی شیٹر کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے خاطیوں کی نشاندہی کرلی تھی اور آج صبح کی اولین ساعتوں میں انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ سلمان جو کالا پتھر پولیس اسٹیشن کا روڈی شیٹر ہے، اپنے ساتھیوں مصطفی ، ابراہیم، عمران اور اجو کے ساتھ مل کر نواب صاحب کنٹہ میں واقع کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا اور ایک ہوٹل اور میڈیکل شاپ میں بھی تلواروں کے ساتھ گھس کر عوام کو خوف زدہ کیا اور وہاں پر بھی توڑ پھوڑ مچائی۔ پولیس نے روڈی شیٹر اور اس کے ساتھیوں کے خلاف اقدام قتل ، آرمس ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا اور انہیں حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی۔ بتایا جاتا ہے کہ روڈی شیٹر اور اس کے ساتھی گانجے کے عادی ہیں اور نشہ میں یہ ہنگامہ آرائی کی ہے۔ غنڈہ عناصر کی سرگرمیوں کو کچلنے میں پولیس ناکام ہورہی ہے جس کے نتیجہ میں عوام میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا ہے اور کارڈن سرچ آپریشنس بھی بے اثر ثابت ہورہے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چارمینار جی انجیا نے بتایا کہ اس واردات میں جملہ 5 افراد ملوث ہیں جن میں تین کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور 2 کی تلاش جاری ہے۔