ووہان جانے خصوصی ہندوستانی طیارہ کو اجازت میں تاخیر کرنے چین کی تردید

   

بیجنگ ۔ 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) چین نے جمعہ کے روز اس الزام کی تردید کی کہ کورونا وائرس سے متاثرہ ووہان شہر تک جانے کیلئے ہندوستان کے ایک خصوصی طیارہ کو جانے کیلئے تاخیر سے کام لیا گیا جو وہاں طبی امداد پہنچانے اور دیگر ہندوستانی شہریوں کو واپس لانے کیلئے روانہ کیا جانے والا تھا۔ چین نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اس تعلق سے معاملہ کو قطعیت دینے کیلئے مسلسل ربط میں ہیں۔ یاد رہیکہ 17 فبروری کو ہندوستان نے اعلان کیا تھا کہ وہ فضائیہ کا سب سے بڑا طیارہ C-17 گلوب ماسٹر ووہان روانہ کرے گا جس میں ادویات کا بڑا ذخیرہ ہوگا اور واپسی میں وہاں پھنسے ہوئے ہندوستانی شہریوں کے علاوہ دیگر پڑوسی ممالک کے شہریوں کو واپس لائے گا۔ ایک رپورٹ کے مطابق اس خصوصی طیارہ کو ووہان جانے کیلئے چین کی جانب سے کلیرنس کا انتظار ہے۔ یاد رہیکہ جاریہ ماہ کے اوائل میں ہندوستان نے دو خصوصی طیارے ووہان روانہ کرکے 647 ہندوستانی شہریوں اور مالدیپ کے سات شہریوں کو بحفاظت واپس لانے کا اہم کام انجام دیا تھا۔