ٹک ٹاک کی امریکی پابندی کے خلاف قانونی کارروائی کی دھمکی

   

بیجنگ : امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے پابندی کا حکم نامہ جاری کرنے کے بعد چین کی معروف ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک نے قانونی کارروائی کی دھمکی دیدی۔6 اگست کو ٹرمپ نے ٹک ٹاک پر مستقبل میں پابندیوں سے متعلق جبکہ اسی دن وی چیٹ پر بھی پابندیوں سے متعلق علیحدہ ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا تھا۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک نے امریکی صدر کی جانب سے ایپ پر پابندی کے حکم نامے پر حیرانی کا اظہار کیا اورکہا کہ وہ تمام وسائل بروئے کار لائیں گے تاکہ قانون کی حکمرانی برقرار رہے۔چین کی بائٹ ڈانس کمپنی کی ایپ ٹک ٹاک نے کہا ہے انہوں نے ’نیک نیتی‘ کے ساتھ امریکی حکومت کے ساتھ مصروفِ عمل ہونے کی کوشش کی تھی۔ساتھ ہی ٹک ٹاک کا کہنا تھا کہ نیا حکم نامہ، قانون کی حکمرانی سے متعلق امریکہ کے وعدوں کے حوالے سے عالمی کاروباروں کے اعتماد کو مجروح کرنے کے خطرات پیدا کررہا ہے اور اس نے آزادی اظہار رائے کے نظریے اور اوپن مارکیٹس کے لیے خطرناک مثال قائم کی ہے۔