پاکستانی ایم پی کا وزیر اعظم مودی ‘ وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات کا ادعا

   

حالات کے بدلنے اور کشیدگی کم ہونے کی امید ۔ پاکستان کے حکومت ہند سے پس پردہ رابطے
لاہور 24 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم عمران خان کی پارٹی سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے ایک رکن پارلیمنٹ نے وزیر اعظم نریندر مودی ‘ وزیر خارجہ سشما سوراج سمیت ہندوستان کی اعلی قیادت سے ملاقات کی ہے جبکہ اسلام آباد نے ہندوستان کے ساتھ پلواما کے بعد کشیدگی کم کرنے پس پردہ رابطوں کا آغاز کردیا ہے ۔ تحریک انصاف کے لیڈر رمیش کمار وانکھوانی نے نریندر مودی ‘ سشما سوراج اور جنرل وی کے سنگھ سے بھی ملاقات کی ۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے کہا کہ وہ سشما سوراج سے ملاقات کرچکے ہیں اور ان سے کہہ چکے ہیں کہ دونوں ملکوں کے مابین تمام مسائل کو صرف بات چیت سے حل کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہندوستان کے ساتھ کوئی کشیدگی نہیں چاہتا ۔ پاکستان نے کبھی بھی کسی کو دہشت گردی پھیلانے اپنی زمین کے استعمال کی اجازت نہیں دی ہے اور نہ مستقبل میں ایسا کریگا ۔ امن قائم ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سشما سوراج کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے دونوں حکومتوں کے مابین مصالحت کار کا رول ادا کرنے کی پیشکش کی ہے ۔ پاکستانی اخبار ایکسپریس ٹریبیون نے شائع کیا کہ حکومت نے ہندوستان کے ساتھ پس پردہ رابطے شروع کردئے ہیں اور تحریک انصاف کے لیڈر رمیش کمار واکھوانی گذشتہ ہفتے دہلی گئے تھے اور انہوں نے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقات بھی کی ہے ۔ وانکوانی کا یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا گیا کہ میں نے ایک مثبت نوٹ ہندوستانی قیادت کو دیا ہے اور امید ہے کہ ان کے رویہ میں تبدیلی آئے گی ۔