پاکستان میں دو ہندو لڑکیوں کے اغواء پر رپورٹ طلب

,

   

جبراً اسلام قبول کرانے کے واقعہ کی تحقیقات کرنے وزیراعظم پاکستان کا حکم
نئی دہلی ۔ /24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج پاکستان میں ہندوستانی سفیر سے تفصیلات طلب کی ہیں جو پاکستان میں دو ہندو نوجوان لڑکیوں کے اغواء سے متعلق ہے ۔ پاکستان میں ان دو ہندو لڑکیوں کا اغواء کرکے زبردستی اسلام قبول کروایا گیا ۔ سندھ پاکستان میں ہولی کے موقع پر اس واقعہ کی رپورٹ دینے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ٹوئیٹر پر سوراج نے اخباری اطلاعات کا نوٹ لیتے ہوئے پاکستان میں ہندوستانی ہائی کمشنر سے رپورٹ طلب کی ہے ۔ میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ہولی کے موقع پر صوبہ سندھ میں ضلع گھوٹکی میں پیش آیا ۔ علاقہ کے ہندو خاندانوں نے مظاہرہ کیا ہے اور اس مبینہ جرم میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ ہندوستان ہمیشہ سے پاکستان میں اقلیتوں ، خاص کر ہندو طبقہ کے مستقبل کے بارے میں فکر ظاہر کرتا رہا ہے ۔ اس دوران وزیراعظم پاکستان عمران حاں نے دو ہندو لڑکیوں کے اغواء جبراً اسلام قبول اور شادی کی اطلاعات کی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ معاملہ کی تحقیقات کرکے ان مغویہ لڑکیوں کو برآمد کریں ۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ پولیس نے تلاشی مہم شروع کی ہے ۔ دو لڑکیاں 13 سالہ روینہ اور 15 سالہ رینا سندھ گھوٹکی میں رہتی ہیں۔ ایک بااثر گروپ کے لوگوں نے ان کا اغواء کرلیا ۔ اغوا کے بعد ایک ویڈیو وائرل ہوا جس میں ایک قاضی کو دونوں لڑکیوں کا نکاح کرواتے دکھایا گیا ۔ ویڈیو میں ان لڑکیوں کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ انہوں نے اپنی مرضی اور اپنی آزادی سے اسلام قبول کیا ہے ۔ ٹوئیٹر پر فواد چودھری نے لکھا کہ عمران خاں نے سندھ کے چیف منسٹر سے کہا ہے کہ وہ اس واقعہ کی تحقیقات کروائیں اور لڑکیوں کو پنجاب میں رحیم یار خاں سے جاکر پوچھ گچھ کریں ۔ چودھری نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے صوبہ سندھ اور پنجاب کی حکومتوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ مشترکہ طور پر رپورٹ تیار کریں ۔ چودھری نے بتایا ایسی اطلاعات ہیں کہ لڑکیوں کو رحیم یار خان منتقل کیا گیا ہے جس پر وزیراعطم نے سندھ اور پنجاب حکومت کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ اس معاملے پر مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے ۔ اگر ایسا معاملہ ہے تو اس کی تحقیقات کی جائیں اور بچیوں کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے ۔ فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں ہمارے جھنڈے کا سفید رنگ ہیں اور ہمیں اپنے تمام رنگ عزیز ہیں ۔ دوسری طرف گھر سے لاپتہ ہونے والی ہندو لڑکیوں نے رحیم یار خان کے علاقے خان پور میں اسلام قبول کرلیا جس کے بعد دونوں کا نکاح کیا گیا ۔ دونوں لڑکیوں نے تحفظ کیلئے عدالت سے رجوع کیا ہے ۔