پرانے شہر میں میٹرو ریل پراجکٹ، جائیداد مالکین کو نوٹس

   

ایم جی بی ایس تا فلک نما میٹرو خدمات کیلئے کام کا آغاز، جی ایچ ایم سی کی مذاکرات کیلئے پیشکش

حیدرآباد۔14اپریل(سیاست نیوز) پرانے شہر میں حیدرآباد میٹرو ریل کے کاموں کی شروعات کے لئے سڑکوں کی توسیع کی زد میں آنے والی جائیدادوں کے مالکین کو نوٹس کی اجرائی کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور ان سے خواہش کی جا رہی ہے کہ وہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے متعلقہ عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے جائیدادوں کی حوالگی کے سلسلہ میں مذاکرات کا عمل شروع کردیں تاکہ حیدرآباد میٹرو ریل کے کاموں میں مزید کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ بتایاجاتا ہے کہ گذشتہ ہفتہ جاری کی گئی نوٹسوں کے خلاف دو جائیداد مالکین نے عدالت سے رجوع ہونے کی کوشش کی لیکن انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ جی ایچ ایم سی نے جو نوٹس جاری کی ہے وہ حق حصول جائیداد کے تحت جاری کی گئی جس میں عوامی مفاد کیلئے جائیدادوں کے حصول کا حکومت کو اختیار حاصل ہے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر حیدرآبا دمیں میٹرو ریل کا آخری مرحلہ پرانے شہر کا ہے اور اس پر میٹرو ریل کے عہدیداروں کی جانب سے تعمیری کاموں کی شروعات کی جا چکی ہے ۔ مہاتما گاندھی بس اسٹیشن سے فلک نما براہ دارالشفاء حیدرآباد میٹرو ریل کی تعمیر کے سلسلہ میں جاری کام مہاتما گاندھی بس اسٹیشن کے آگے تک پہنچ چکے ہیں اور بہت جلد ان کاموں کو دارالشفاء کی سمت موڑ دیا جائے گا۔ عہدیدارو ں نے بتایا کہ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو جائیداد کی حوالگی کے سلسلہ میں جاری کی گئی نوٹس پر عہدیداروں نے مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ تمام ادارہ جات جیسے حیدرآباد میٹرو ریل‘ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ‘ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ریاستی محکمہ بلدی نظم و نسق کے تحت ہی ہیں اسی لئے اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ محکمہ جاتی سطح پر پرنسپل سیکریٹری کے پاس اجلاس میں اس نوٹس پر عمل آوری کے سلسلہ میں قطعی فیصلہ لیا جائے گا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ دارالشفاء میں موجود قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے دفتر کی منتقلی اور اس کی جگہ حیدرآباد میٹرو ریل کے اسٹیشن اور تعمیری مرکز کے قیام کے علاوہ بعد ازاں پارکنگ میں تبدیل کرنے کے منصوبہ کو محکمہ بلدی نظم و نسق کو روانہ کردیا گیا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ ایک یا دو ہفتہ کے دوران اس منصوبہ کو منظوری دیتے ہوئے موجودہ دفتر کی منتقلی کے اقدامات کئے جائیں گے اور دفتر کی منتقلی کے ساتھ ہی اس اراضی کو حیدرآباد میٹرو ریل کے حوالہ کرنے کے سلسلہ میں احکامات کی اجرائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔