پرویز مشرف کا سرگرم سیاست میں واپسی کا منصوبہ

   

اسلام آباد ۔ 4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق فوجی حکمراں پرویز مشرف 6 اکٹوبر کو سیاست میں واپسی کرنے کا منصوبہ بنارہے ہیں حالانکہ گذشتہ ایک سال سے انہوں نے اپنی گرتی ہوئی صحت کی وجہ سے سرگرم سیاست سے دوری اختیار کر رکھی تھی۔ ان کے ایک قریبی بااعتماد ساتھی نے بتایا کہ 76 سالہ پرویز مشرف جو مارچ 2016ء سے دوبئی میں مقیم ہیں اور انہیں 2007ء میں پاکستان کی آئین کو معطل کرنے کی پاداش میں غداری کے مقدمہ کا سامنا ہے جس کی سزاء یا تو سزائے موت یا سزائے عمرقید بھی ہوسکتی ہے۔ انہیں 2014ء میں اس کیس میں ماخوذ کیا گیا تھا۔ آل پاکستان مسلم لیگ (APML) کے بانی نے گذشتہ سال سیاسی سرگرمیوں سے دستبرداری اختیار کرلی تھی کیونکہ ان کی گرتی ہوئی صحت نے انہیں سیاسی زندگی کی گہماگہمی سے دور رہنے پر مجبور کردیا تھا تاہم اب ان کی صحت قدرے بہتر ہے اور وہ یہ چاہتے ہیں کہ ایک بار پھر سرگرم سیاست کا حصہ بن جائیں۔ ایکسپریس ٹریبون نے بھی سرکاری حوالہ دیتے ہوئے یہ اطلاع دی۔