چائنا کے مانجھے کی فروخت کیخلاف کارروائی

   

ایک شخص گرفتار ، مانجھے کے 60 کارٹونس ضبط
حیدرآباد۔ 14 جنوری (سیاست نیوز) سنکرانتی تہوار کے دوران بڑے پیمانے پر فروخت کئے جانے والے ممنوعہ چائینز مانجھا کے خلاف ٹاسک فورس پولیس ہنوز کارروائی جاری رکھی ہوئی ہے۔ ایک تازہ ترین کارروائی میں مشیرآباد علاقہ سے ایک تاجر کو گرفتار کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے بموجب 46 سالہ پانڈو رنگم ساکن گنگا پترا کالونی مشیرآباد، انڈین بینک رام نگر کے قریب پتنگ کا کاروبار کررہا تھا اور وہ چائینز مانجھا حاصل کرتے ہوئے اسے عوام کو فروخت کررہا تھا۔ حکومت کی جانب سے چائینز مانجھے کے استعمال پر امتناع ہے لیکن قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پانڈو رنگم نے بھاری مقدار میں مانجھا حاصل کرلیا تھا۔ ٹاسک فورس پولیس ٹیم نے اس کی دکان پر دھاوا کرتے ہوئے 20 ہزار مالیتی ممنوعہ چائینز مانجھا ضبط کرلیا اور مشیرآباد پولیس کے حوالے کردیا۔ اسی قسم کی ایک اور کارروائی میں پولیس رین بازار نے بھی چائینز مانجھا فروخت کئے جانے والے ایک گودام پر دھاوا کیا اور وہاں سے 60 کارٹون چائینز مانجھا جس کی مالیت 12 لاکھ بتائی جاتی ہے، ضبط کرلیا۔