کانگریس اقلیتی سیل کے سابق صدرنشین محمد سراج الدین کا انتقال

   

حیدرآباد: کانگریس کے سینئر لیڈر اور متحدہ آندھراپردیش میں ریاستی اقلیتی سیل کے سابق صدرنشین محمد سراج الدین فرزند جناب محمد یوسف کا کل رات انتقال ہوگیا۔ وہ سکندرآباد کے ایک خانگی ہاسپٹل میں زیر علاج تھے۔ ان کے چھوٹے بھائی اسی ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں۔ تدفین آج بعد نماز ظہر لالہ گوڑہ قبرستان میں عمل میں آئی ۔ محمد سراج الدین کے اچانک انتقال پر کانگریس حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی اور کئی سینئر قائدین نے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان سے تعزیت کی ۔ محمد سراج الدین کے پسماندگان میں والد اور ایک بھائی کے علاوہ اہلیہ اور تین بچے شامل ہیں۔ متحدہ آندھراپردیش میں اقلیتوںکے مسائل کے سلسلہ میں محمد سراج الدین نے بے باک نمائندگی کی تھی۔ کرن کمار ریڈی دور حکومت میں اقلیتی بجٹ میں اضافہ اور اہم اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں انہوں نے اہم رول ادا کیا۔ راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد، کانگریس کے انچارج جنرل سکریٹری آر سی کنتیا، صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا ، سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر ، اے آئی سی سی اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے قائدین عمران قدوائی ، خورشید احمد سعید ، صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو ، سابق صدرنشین اقلیتی سیل محمد خواجہ فخرالدین ، سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی ، نائب صدر پردیش کانگریس کسم کمار ، اے آئی سی سی سکریٹری ومشی چند ریڈی ، ترجمان اے آئی سی سی ڈاکٹر شراون ، پردیش کانگریس کے ترجمان جی نرنجن ، اقلیتی قائدین شیخ عبداللہ سہیل ، سید نظام الدین ، سمیر ولی اللہ ، عثمان الہاجری ، محمد معراج خاں ، جنرل سکریٹری ایس کے افضل الدین، سکریٹری پردیش کانگریس ڈاکٹر محمد سلیم اور دوسروں نے تعزیتی پیامات میں محمد سراج الدین کی کانگریس پارٹی اور اقلیتوں کے لئے خدمات کو خراج پیش کیا۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبرات 8106158411 اور 9848081579 پر ربط قائم کیا جاسکتا ہے۔