کانگریس ملک کے آئین کو بچانے میں مصروف ، بی جے پی کی آئین کو مٹانے کی سازش

,

   

عادل آباد میں کانگریس امیدوارہ آترم سوگنا کا انتخابی جلسہ ، راہول گاندھی اور دیگر کا خطاب

نرمل ۔5 ؍ مئی (جلیل ازہر کی رپورٹ) کانگریس ملک کے آئین کو بچانے کی جدوجہد کررہی ہے تو بھارتیہ جنتا پارٹی آئین کو مٹانے کی منصوبہ بندی میں لگی ہوئی ہے۔ آزادی کے بعد ملک کے عوام کو جو بھی ملا وہ ہندوستان کا آئین دیتا ہے۔ آج بھارتیہ جنتا پارٹی آئین کو بدل دینے کی بات کررہی ہے۔ آئین کے ساتھ تحفظات بھی ختم ہو جائیں گے۔ دلت، پچھڑے ہوئے طبقات، آدی واسی آگے نہ بڑھیں ان کے حقوق چھین لئے جائیں گے یہ بھارتیہ جنتا پارٹی کا منصوبہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ حکومت 22 تا 25 ارب پتیوں کے لئے حکمرانی کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار نرمل میں حلقہ لوک سبھا عادل آباد کے کانگریسی امیدوار ،محترمہ آترم سوگنا کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کیا۔ انہوں نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی 22۔ 25 ارب پتیوں کے 16 کروڑ روپے کا قرض معاف کرتے ہیں اور ہم کسانوں کا قرض معاف کرتے ہیں تو میڈیا کے لوگ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کہتی ہے کہ مزدوروں کی عادت خراب کررہے ہیں۔ آج چند ارب پتیوں کے پاس اتنا پیسہ ہے جو ملک کے ستر کروڑ ہندوستانیوں کے پاس ہے۔ آج ہم تبدیلی چاہتے ہیں۔ اس نے تلنگانہ میں جو انتحابی وعدوں پر عمل کیا اسی طرح سارے ملک میں ان اسکیمات کو وسعت دینا چاہتے ہیں۔ ملک کے تمام یونیورسٹیز سے گریجویشن کی تکمیل کرنے والے ہر بے روزگار نوجوان کو ایک سال کی گیارنٹی پر ملازمت دی جائے گی اور کارکردگی کی بنیاد پر ان کی ملازمتوں کو مستقل کیا جائے گا۔ یہ دنیا کی پہلی اسکیم ہوگی۔ ملک کے ہر علاقہ میں غریب عوام کی فہرست تیار کی جائے گی اور ہر غریب خاندان کی ایک خاتون کے اکاؤنٹ میں ہر سال ایک لاکھ روپے جمع کیا جائے گا جبکہ اس ریاست تلنگانہ کے سالانہ تیس ہزار روپے غریب خواتین کے کھاتہ میں جمع ہوں گے۔ اس طرح ہر غریب خاتون کے اکاؤنٹ میں سالانہ ایک لاکھ تیس ہزار روپے جمع ہوں گے۔ آنگن واڑی اور آشا ورکرس کی آمدنی دگنی کی جائے گی۔ راہول گاندھی نے نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آج آپ ملک کی بڑی کمپنیوں اور میڈیا کی ایجنسیوں کا جائزہ لیں تو اندازہ ہوگا کہ نہ ہی کسی کمپنی کے اعلیٰ عہدوں پر دلت نظر آئے گا نہ ہی آدی واسی نظر آئے گا۔ آج دلتوں اور آدیو اسی طبقہ کے لئے بجٹ برائے نام ہوتا ہے۔ ہندوستان کے ہر طبقہ کا ہم سروے کروائیں گے کس کے پاس کتنا دھن ہے، آج نریندر مودی تحفظات کے خلاف ہیں وہ آپ سے تحفظات چھیننا چاہتے ہیں۔ آج سب سے بڑا مسئلہ تحفظات کو پچاس فیصد سے آگے بڑھانے کا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ہماری حکومت آئے تو اپنے فیصد میں اضافہ کریں گے۔ نریندر مودی منصوبہ بند طریقہ سے پبلک سیکٹر کو پرائیویٹ سیکٹر میں تبدیل کرتے ہوئے تحفظات کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ہم ٹھیکہ داری کو ہٹادیں گے مستقل ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔ آئین کے تحفظ کے لئے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ میں نے کنیا کماری سے کشمیر چار ہزار کیلو میٹر چلاہوں کروڑوں عوام نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی نفرت کی سیاست کے بارے میں بتایا۔ نفرت کے بارے میں ہم نے محبت کی دکانیں کھولی، یہ جہاں بھی جاتے ہیں نفرت پھیلاتے ہیں۔ ایک بھائی کو دوسرے بھائی سے لڑواتے ہیں اور ہم محبت پھیلاتے ہیں۔ ہم عزت دلواتے ہیں اور غریبوں کی سرکار چلاتے ہیں۔ اب یہی کام ہم دلی میں کرنے جارہے ہیں۔ آج آزادی کے بعد سے پہلی مرتبہ لوک سبھا عادل آباد سے ایک آدی واسی خاتون آترم سوگنا کو ہم نے امیدوار بنایا۔ آپ بھاری اکثریت سے انہیں کامیاب کرتے ہوئے پارلیمنٹ کو بھیجیں۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر ریونت ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع عادل آباد سے میری اٹوٹ وابستگی ہے۔ میں پہلی مرتبہ صدر تلنگانہ کانگریس بننے کے بعد نرمل کا پہلا دورہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی پالیسیوںاور مہنگائی کے خلاف احتجاج میں حصہ لیا تھا اور اسمبلی انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی قبائیلی علاقہ اندرویلی سے میں نے انتخابی مہم کا آغاز کیا تھا اور پارلیمانی انتخابات کا بھی آغاز اسی ضلع سے کیا تھا۔ میں اس ضلع کی ترقی کے لئے کوئی کسر باقی نہیں رکھوں گا۔ کسانوں کی فلاح و بہبود اور قبائیلیوں کی ترقی کے ساتھ ساتھ تمام طبقات کی مثالی ترقی اس ضلع میں ہوگی۔ انہوں نے کے سی آر کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی تاناشاہی کو عوام نے مسترد کردیا تو آج یہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں جبکہ ہم نے چھ ضمانتوں کا انتخابی وعدہ کیا تھا اور پانچ ضمانتوں پر عمل آوری جاری ہے۔ کسانوں کے قرض دو لاکھ روپے 15 اگست سے پہلے معاف کردیئے جائیں گے۔ کسانوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ساتھ ہی ضلع عادل آباد کی سمنٹ فیکٹری کے احیاء کے لئے ٹھوس اقدامات کریں گے۔ انہوں نے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ لوک سبھا عادل آباد کانگریس امیدوارہ آترم سوگنا کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ جلسہ کی کارروائی صدر ضلع کانگرس نرمل مسٹر کے سری ہری راؤ نے چلائی۔ اس جلسہ کو ضلع انچارج وزیر ستیکا، پروفیسر کودنڈا رام کے علاوہ نارائن راؤ پٹیل، سابق رکن اسمبلی مدہول نے بھی خطاب کیا۔ شہ نشین پر سابق ریاستی وزیر اے اندرا کرن ریڈی، سابق رکن اسمبلی خانہ پور ریکھا نائک، رکن اسمبلی کے علاوہ دیگر موجود تھے۔