کانگریس کے صدراتی عہدے کی دوڑ میں نہیں ہوں۔ ڈگ وجئے سنگھ

,

   

بھوپال۔ کانگریس راجیہ سبھا ایم پی ڈگ وجئے سنگھ نے جمعہ کے روز کہاکہ وہ پارٹی صدر کے عہدے کی دوڑ میں نہیں ہیں۔ سابق چیف منسٹر مدھیہ پردیش نے رپورٹرس کوبتایاکہ ”میں نے پہلے ہی کہا ہے‘ اور میں یہ بات دہرارہاہوں کہ میں پارٹی کے قومی صدر بنانے میں دلچسپی نہیں رکھتاہوں“۔

جبل پور میں اپنے دورے کے دوران میڈیاکے نمائندوں سے بات چیت میں کانگریس کے سینئر قائد نے ان خیالات کا اظہار کیاہے۔ دہلی میں پارٹی ہیڈکوارٹرس جانے کے ایک روز بعد سنگھ کا یہ بیان سامنے آیاہے۔

انہوں نے کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہول گاندھی اور دیگر پارٹی قائدین کے ساتھ ملکر ملک کے جنوبی حصہ میں ”بھارت جوڑو“ یاتر ا میں بھی حصہ لیاہے۔

جمعہ کے روز وہ مدھیہ پردیش کے نرسنگ پور ضلع کے آشرم میں اپنی آخری سانس لینے والے سوامی سواروپ آنند شنکر اچاریہ کی یاد میں منعقدہ ایک اجتماع میں بھی شامل ہوئے۔ اس ”تعزیتی جلسہ“ میں ملک کے کونے کونے سے سنت اورپجاری ائے ہوئے تھے۔

نرسنگ پور کے راستے پرانہوں نے رپورٹرس سے بات کی اور کانگریس پارٹی کے صدراتی انتخابات اور پارٹی کے سب سے اونچے عہدے کے دوڑ میں ان کی موجودگی کے متعلق ان سے پوچھے گئے سوالات کا جواب دیا۔

درایں اثناء ڈگ وجئے سنگھ نے دعوی کیاکہ آر ایس ایس سربراہ موہن بھگوات کا دہلی میں مدرسہ کا دورہ ”بھارت جوڑو یاترا“کانتیجہ ہے۔ انہوں نے مدرسہ دورے اور مسلمان مذہبی رہنماؤں سے ملاقات پر بھگوات کاشکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہاکہ ”بڑی مشکل سے کانگریس کی شروع کی گئی بھارت جوڑو یاترا کی شروعات کو دوہفتے نہیں گذرے اس کے نتائج برآمد ہونا شروع ہوگء ے‘ آر ایس ایس سربراہ نے مدرسوں کادورہ شروع کردیا۔ میں سمجھتاہوں انہیں یہ حوصلہ بھارت جوڑو یاترا سے ملا ہے۔

مدرسہ کے دورے پر میں موہن بھگوات کی دل کی گہرئیوں سے پذیرائی کرتاہوں“۔