کرناٹک میں نفرت کا بازار بند ، محبت کی دکانیں کھل گئیں

,

   

کانگریس کی کامیابی پر راہول کا رد عمل‘ انتخابی وعدوں کو پورا کرنے کاتیقن

نئی دہلی:کرناٹک اسمبلی انتخاب میں کانگریس کی نمایاں کارکردگی کے بعد پارٹی قائدین اور کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ جیسے جیسے نتائج کا اعلان ہو ا، قائدین سامنے آ کر اپنی خوشی کا اظہار بھی کر تے رہے۔ کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے بھی پارٹی کی کامیابی پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اسے نفرت پر محبت کی جیت قرار دیا ہے۔ انھوں نے میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’کرناٹک میں نفرت کا بازار بند ہوا اور محبت کی دکانیں کھل گئی ہیں۔‘‘کرناٹک میں کانگریس کی شاندار جیت پر راہول گاندھی نے ریاستی عوام کے ساتھ ساتھ سبھی پارٹی قائدین و کارکنان کو مبارکباد پیش کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’کرناٹک کے انتخاب میں کرونی کیپٹلزم کے پاور اور غریب عوام کی طاقت کے درمیان مقابلہ تھا۔ کانگریس کے ساتھ غریب عوام کی طاقت تھی اور اس طاقت نے پاور کو ہرا دیا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’یہی اب ہر ریاست میں دیکھنے کو ملے گا۔ کانگریس کرناٹک میں عوام کے ساتھ کھڑی ہوئی، غریبوں کے مسائل پر ہم انتخاب لڑے۔ ہم نے نفرت سے یہ لڑائی نہیں لڑکی، محبت سے یہ لڑائی لڑی۔ کرناٹک کی عوام نے دکھا دیا کہ محبت اس ملک کو اچھی لگتی ہے۔‘‘راہول گاندھی نے اپنے خطاب میں کانگریس کے ذریعہ کیے گئے ان پانچ وعدوں کا بھی تذکرہ کیا جو کہ انتخابی ریلیوں میں بار بار پارٹی قائدین کے ذریعہ دیئے جا رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے پانچ وعدے کیے تھے اور انہیں کابینہ کی پہلی میٹنگ میں پورا کریں گے، اور اب پھر کہتا ہوں کہ یہ وعدے پورے کیے جائیں گے۔‘