کنہیا کمار کیخلاف چارج شیٹ پر عدالت کا سوال

,

   

نئی دہلی، 19 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی پولیس سے ایک مقامی عدالت نے جواہرلعل نہرو یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے سابق صدر کنہیا کمار اور چند دوسروں کے خلاف 2016 ء میں درج کردہ غداری کے مقدمہ میں درکار منظوری کے حصول کے بغیر چارج شیٹ کے ادخال پر سوال اٹھایا ہے ۔ میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ دیپک شراوت نے درکار منظوری حاصل کرنے پولیس کو 6 فبروری تک مہلت دی جبکہ پولیس نے اندرون 10 یوم کی مہلت چاہی تھی۔ عدالت اس مقدمہ کی بہت جلد سماعت شروع کرے گی ۔ کنہیا کمار اور دوسروں کے خلاف پولیس نے اس شہر کی ایک عدالت میں 14 جنوری کو چارج شیٹ داخل کرتے ہوئے کہا تھا کہ فبر وری 2016 ء میں منعقدہ تقریب میں وہ ایک جلوس کی قیادت کررہے تھے اور اس موقع پر یونیور سٹی کیمپس میں لگائے جانے والے غداری پر مبنی نعروں کی تائید کررہے تھے۔ پولیس نے جے این یو کے سابق طلباء عمر خالد اور انیربن بھٹاچاریہ پر بھی 9 فبروری 2016ء کو کیمپس میں منعقدہ تقریب کے دوران حکومت کے خلاف نفرت پھیلانے کیلئے غداری پر مبنی نعرے لگانے کا الزام عائد کیا ہے ۔