کولکتہ کی اپوزیشن ریلی بی جے پی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی

,

   

بی جے پی ‘ 125 نشستوں تک محدود ہوجائیگی ۔ ترنمول سربراہ ممتابنرجی کا دعویٰ ۔ ریلی میں شتروگھن سنہا بھی شرکت کریں گے

کولکتہ 17 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ترنمول کانگریس کی سربراہ اور چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج کہا کہ ترنمول کانگریس کی جانب سے 19 جنوری کو کولکتہ میں منعقد کی جانے والی عظیم الشان اپوزیشن ریلی آئندہ لوک سبھا انتخابات کیلئے بی جے پی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی اور علاقائی جماعتیں آئندہ انتخابات کے بعد ایک اہم عنصر کے طور پر ابھریں گی ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ آئندہ انتخابات کے بعد بی جے پی کے لوک سبھا ارکان کی تعداد 125 سے زیادہ نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اور علاقائی جماعتوں کو حاصل ہونے والی نشستوں کی تعداد بی جے پی سے زیادہ ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی جماعتیں ہی در اصل علاقائی جماعتیں ہیں اور وہ آئندہ انتخابات کے بعد اہمیت حاصل کر جائیں گی ۔ ممتابنرجی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی یہ زبردست ریلی بی جے پی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی ۔ بی جے پی کو آئندہ انتخابات میں 125 نشستیں بھی حاصل نہیں ہونگی ۔ اپوزیشن جماعتوں کے مختلف قائدین اس ریلی میں شرکت کی توثیق کرتے جا رہے ہیں۔ ممتابنرجی نے آج بریگیڈ پریڈ گراونڈ کا دورہ کرتے ہوئے وہاں اس ریلی کیلئے جاری تیاریوں کا خود جائزہ لیا ۔ اس دوران سینئر بی جے پی لیڈر و رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا نے کہا کہ وہ بھی پوزیشن کی اس ریلی میں شرکت کرینگے ۔ سنہا نے کہا کہ انہیں اپنی پارٹی میں خود کوئی عزت نہیں دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ راشٹرا منچ کے نمائندے کی حیثیت سے ترنمول کانگریس کی ریلی میں شرکت کرینگے ۔ یہ منچ شتروگھن سنہا کے ساتھ سابق بی جے پی لیڈر یشونت سنہا نے قائم کیا تھا ۔ شتروگھن سنہا نے پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ’ ون مین شو ‘ بن گئی ہے ۔

وہ نوٹ بندی جیسے مسائل پر بی جے پی پر تنقیدیں بھی کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ راشٹرا منچ کی جانب سے اس ریلی میں شرکت کرینگے ۔ انہوں نے اپنے فیصلے کی مدافعت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے کچھ قائدین آر ایس ایس کی تقاریب میںشرکت کرتے ہیں اسی طرح ان کے اس ریلی میں شرکت کرنے میں کوئی قباحت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک بھی پارٹی سے ان کی وفاداری پر کوئی سوال نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے بی جے پی میں اس وقت شمولیت اختیار کی تھی جب یہ صرف دو ارکان پارلیمنٹ کی جماعت تھی اور انہوں نے اس پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے کام کیا تھا ۔ شتروگھن سنہا پٹنہ صاحب حلقہ سے بی جے پی رکن لوک سبھا ہیں اور وہ اپوزیشن ریلی میں اہم مقرر ہونگے ۔ اس ریلی میں اپوزیشن جماعتوں کے قائدین بشمول ایچ ڈی دیوے گوڑا ‘ لوک سبھا میں قائد اپوزیشن ملکارجن کھرگے ‘ چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو ‘ عام آدمی پارٹی کے اروند کجریوال ‘ سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھیلیش یادو ‘ راشٹریہ جنتادل کے لیڈر تیجسوی یادو ‘ بہوجن سماج پارٹی کے ستیش مشرا کے علاوہ یشونت سنہا اور ارون شوری بھی شرکت کرنے والے ہیں۔ اس ریلی کو مخالف بی جے پی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے طاقت کے مظاہرے کی کوشش سمجھا جا رہا ہے اور ممتابنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس اس کو کامیاب بنانے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔