کونسل کی 5 نشستوں کیلئے 6 نامزدگیاں درست پائی گئیں

   

12 مارچ کو رائے دہی کا امکان،ایک پرچہ نامزدگی مسترد
حیدرآباد۔یکم مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کی 5 نشستوں کیلئے داخل کردہ پرچہ جات نامزدگی کی جانچ کا کام آج مکمل ہوا۔ ٹی آر ایس کے 4 ، کانگریس اور مجلس کا ایک، ایک امیدوار میدان میں ہے جس کے سبب رائے دہی یقینی ہوچکی ہے۔ تمام 6 امیدواروں کے پرچہ جات درست پائے گئے۔ سکریٹری لیجسلیچر نرسمہا چاریلو نے پرچہ جات نامزدگی کی جانچ کرتے ہوئے ایک امیدوار کے پرچہ کو مسترد کردیا۔ ڈی بھاسکر نامی ایک شخص نے پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا جو قواعد کے مطابق نہیں تھا جس کے سبب اسے مسترد کرنا پڑا۔ پرچہ جات نامزدگی کی جانچ کے موقع پر ٹی آر ایس کے امیدوار ایس سبھاش ریڈی، ستیاوتی راتھوڑ اور اے ملیشم موجود تھے جبکہ وزیر داخلہ محمود علی کی جانب سے اُن کے نمائندہ نے شرکت کی۔ ٹی آر ایس کی حلیف جماعت مجلس نے ریاض الحسن آفندی کو امیدوار بنایا ہے۔ کانگریس کے جی نارائن ریڈی واحد نشست کیلئے مقابلہ کررہے ہیں۔ پرچہ جات کی جانچ کے بعد رائے دہی کے امکانات واضح ہوچکے ہیں۔ 5 مارچ تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں جبکہ 12 مارچ کو صبح 9 تا4 بجے سہ پہر رائے دہی ہوگی۔ اُسی روز 5 بجے شام ووٹوں کی گنتی اور نتیجہ کا اعلان کردیا جائے گا۔ ٹی آر ایس کے 3 اور کانگریس کے 2 ارکان کی میعاد کی تکمیل کے سبب 5 نشستوں پر انتخابات ہورہے ہیں۔ 29 مارچ کو جن ارکان کی میعاد ختم ہوگی ان میں پی سدھاکر ریڈی، محمد علی شبیر، ٹی سنتوش کمار، محمد سلیم اور محمد محمود علی شامل ہیں۔