گجرات انتخابات کے ساتھ اے اے پی کو قومی پارٹی کاموقف حاصل۔ منیش سیسوڈیا

,

   

سیسوڈیا نے ایک ٹوئٹ میں کہاکہ ”گجرات کے ووٹوں کے ذریعہ اے اے پی قومی پارٹی بن گئی ہے۔ پہلی مرتبہ ملک میں تعلیم اور صحت کی بنیاد پر سیاست کو تسلیم کیاگیاہے۔ ہندوستان کی عوام کومبارکباد“۔


نئی دہلی۔ دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیانے جمعرات کے روز اس بات کا دعوی کیاہے کہ گجرات اسمبلی انتخابات نے عام آدمی پارٹی(اے اے پی) کوقومی سطح پر پہنچادیاہے۔ سیسوڈیا نے ٹوئٹ کیاکہ”گجرات ووٹوں کے ذریعہ اے اے پی قومی پارٹی بن گئی ہے۔

پہلی مرتبہ ملک میں تعلیم اور صحت کی بنیاد پر سیاست کو تسلیم کیاگیاہے۔ ہندوستان کی عوام کومبارکباد“۔تاہم ووٹوں کی گنتی کے ابتدائی رحجان سے ہی یہ بات واضح ہوگئی تھا کہ گجرات میں برسراقتدار بھگوا پارٹی بھاری اکثریت سے آگے چل رہی ہے جبکہ اس کی روایتی حریف کانگریس محض20سیٹوں پر سکڑ کر رہ گئی تھی۔

درایں اثناء مذکورہ اے اے پی جس نے گجرات میں پہلی مرتبہ مقابلہ سہ رخی بنادیاتھا‘ چھ سیٹوں پرسبقت بنائے ہوئے تھی۔ دہلی او رپنجاب میں اے اے پی حکومت کے ساتھ مذکورہ پارٹی کوریاستی پارٹی کادرجہ حاصل ہوگیاہے اور گجرات اسمبلی الیکشن کے 2022میں نتائج پر قومی پارٹی کا انحصار تھا۔

ایک قومی پارٹی بننے کے لئے ایک سیاسی جماعت کو کم ازکم چار ریاستوں میں تسلیم کیاجانا چاہئے۔

ایک پارٹی کو ریاستی پارٹی بننے کے لئے کم ازکم دو سیٹوں پر جیت اور6فیصد ووٹ حاصل کرنا چاہئے۔

گجرات اسمبلی الیکشن کے نتائج کے بعد اے اے پی گجرات‘ دہلی‘ پنجاب او رگوا کو ملاکر چار ریاستوں میں ریاستی پارٹی بن گئی ہے‘ جس نے اس کو قومی پارٹی بنادیاہے۔