یورپی یونین کی لبنان کے بے گھر افراد کیلئے امداد

   

برسلز: یورپی یونین نے جمعرات کو لبنان کے ان شہریوں کیلئے انسانی بنیادوں پر 33.1 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے ، جنہیں اسرائیل نے پچھلے دنوں بمباری کر کے بے گھر کیا ہے۔ اسرائیل کی اس بمباری کو امریکہ اور یورپی یونین کے اکثر ارکان اسرائیل کا حق دفاع قرار دے کر جائز باور کرا رہے ہیں۔اسرائیلی فوج نے پچھلے تقریباً دو ہفتوں سے لبنان میں بمباری کا یہ سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جبکہ اس ہفتے سے اسرائیل کی بمباری کے ساتھ ساتھ زمینی فوج بھی لبنان میں داخل ہو چکی ہے۔اب تک تقریباً ایک ہزار لبنانی اس بمباری کے نتیجے میں ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ برطانوی وزیراعظم کے مطابق 12 لاکھ بے گھر ہو چکے ہیں۔یورپی کمیشن کی سربراہ ارسلا وانڈی لین نے کہا ہیکہ انہیں مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھنے پر گہری تشویش ہے۔ تمام فریقوں کی ذمہ داری ہیکہ وہ شہریوں کے بچاؤ کیلئے ہر ممکن تدابیر کریں اور معصوم شہریوں کی جانیں خطرے میں نہ ڈالیں۔

کیلیفورنیا میں مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں سے چھ اموات
لاس اینجلس: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں اس سال مچھروں سے پھیلنے والے ویسٹ نیل وائرس کے 63 معاملوں میں سے چھ اموات درج کی گئی ہیں۔کیلیفورنیا ڈپارٹمنٹ آف پبلک ہیلتھ نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔کیلیفورنیا میں پچھلے ہفتے ڈبلیو این وی کے چار نئے مثبت کیس رپورٹ ہوئے تھے۔ لاس اینجلس کاؤنٹی میں اگست اور ستمبر میں چار افراد کو ڈینگو ہوا تھا اور ان میں سے کسی نے بھی باہر کا سفر نہیں کیا تھا۔ گزشتہ ہفتے کیلیفورنیا میں کل 87 نئے ڈبلیو این وی کے مثبت نمونے رپورٹ ہوئے ۔ سی ڈی پی ایچ کے مطابق اس سال اب تک ریاست میں مچھروں کے 1,835 مثبت نمونے ملے ہیں۔
ڈبلیو این وی ایک مچھر سے پیدا ہونے والا وائرس ہے جو انسانوں، گھوڑوں اور پرندوں میں بیماری کا سبب بنتا ہے ۔ ڈبلیو این ویایک متاثرہ مچھر کے کاٹنے سے لوگوں میں پھیلتا ہے اور لوگوں کو بیمار اور موت کا سبب بھی بن سکتا ہے ۔