یوپی میں پیشگی ضمانت کے بل کو صدارتی منظوری

   

نئی دہلی 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ رامناتھ کووند نے اترپردیش کے کلیدی بل کو منظوری دے دی ہے جو پیشگی ضمانت کی گنجائش کو دوبارہ متعارف کرانے کی راہ ہموار کرے گا، جسے 1976 ء میں ایمرجنسی کے دوران منسوخ کردیا گیا تھا، عہدیداروں نے آج یہ بات کہی۔ اترپردیش اور اتراکھنڈ کے سوا ملک کی تمام دیگر ریاستوں میں پیشگی ضمانت کی گنجائش ہے۔ وزارت داخلہ کے عہدیدار نے کہاکہ صدر نے 2018 ء کے اِس ترمیمی بِل کو منظوری دے دی ہے جس کے ساتھ اترپردیش میں بھی پیشگی ضمانت کے لئے درخواست دینے کی گنجائش چار دہوں بعد بحال ہوجائے گی۔ یہ بل اترپردیش کے لئے ضابطہ فوجداری کے سیکشن 438 (پیشگی ضمانت) میں ترامیم کی گنجائش فراہم کرتا ہے۔ اِس کے مطابق ملزم کے لئے پیشگی ضمانت کی سماعت کے دوران موجود رہنا ضروری نہیں ہوگا۔