یوکرین میں حاملہ خواتین زیرزمین شیلٹرز میں بچے جنم دینے پر مجبور

   

کیف:روس کے حملے کے بعد یوکرین میں حاملہ خواتین زیرزمین شیلٹرز میں بچے جنم دینے پر مجبور ہوگئی ہیں۔روس نے 24 فروری کو یوکرین پر حملہ کیا تھا جس کے بعد دارالحکومت کیف سمیت مختلف شہروں میں جنگ جاری ہے۔روسی فوج کی بمباری اور شیلنگ کے باعث مختلف شہروں میں عوام زیرزمین اسٹیشنز اور بنکرز میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔جنگ کی ہولناکی کے باعث اب زیر زمین بنکرز اور اسٹیشنز میں پناہ لینے والی حاملہ خواتین انہی شیلٹرز میں بچے جنم دینے پر مجبور ہیں۔یوکرینی وزارت خارجہ کا بیان میں کہنا ہے کہ ہماری اطلاعات کے مطابق دارالحکومت کیف کے شیلٹر میں پناہ لی ہوئی حاملہ خاتون نے بچے کو جنم دیا ہے۔وزارت خارجہ نے تصویر جاری کرتے ہوئے بتایاکہ 23 سالہ حاملہ خاتون نے بچی کو جنم دیا ہے۔دوسری جانب یوکرینی شہرخیرسون کے میئر کے مطابق جمعے کی رات شہر کے شیلٹرز میں 2 بچوں کی ولادت ہوئی ہے۔