کے سی آر کے فارم ہاؤس کے اراضیات کے سروے کی مذمت:سرینواس یادو
حیدرآباد۔2 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سینئر قائد و سابق وزیر ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ خیریت آباد کے ضمنی انتخابات میں بی آر ایس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں ۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ کہ عام طور پر ضمنی انتخابات برسر اقتدار پارٹی کیلئے بہترین رجحان پیدا کرتے ہیں لیکن خیریت آباد کے باشعور رائے دہندے حکومت کے خلاف فیصلہ سنائیں گے اور یہاں سے بی آر ایس کی کامیابی کا آغاز ہوگا اور حکمراں جماعت زوال پذیر ہوگی۔ ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ خیریت آباد ایک خاص اور منفرد حلقہ ہے، جہاں کی عوام نااہل قرار دیئے جانے والے ایم ایل اے کے معاملہ میں اپوزیشن پارٹی کا کھل کر ساتھ دے گی۔ بی آر ایس کے سابق وزیر نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کو حالیہ دورہ سرسلہ کے بعد سے عوامی سطح پر حکومت کے خلاف شدید مخالفت اور برہمی کی لہر دیکھنے کو مل رہی ہے۔ انہوں نے تلنگانہ کے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے آنے والے دنوں میں برقی کی شدید کٹوتی دیکھنے کو ملے گی۔ ٹی سرینواس یادو نے حکومت اور کانگریس پارٹی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیف منسٹر کے سی آر کے ایراولی فارم ہاؤس اور ان کی اراضی پر اس طرح سروے ٹیموں کو بھیجا جانا جمہوری اقدار کے عین مطابق نہیں ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اقتدار میں بیٹھے لوگ اور کانگریس کے عوامی منتخب نمائندے انتقامی سیاست پر اتر آئے ہیں۔2/k/m/b