صحافیوں کیلئے ہیلت اسکیم بحال کرنے کا مطالبہ ، عادل آباد میں احتجاج

   

عادل آباد ۔ 2 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر ریونت ریڈی کے تین سالہ برسراقتدار دور میں ریاست کے میڈیا نمائندوں کے ساتھ مسلسل ناانصافی کو محسوس کرتے ہوئے TUWJ یونین سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خلاف احتجاج منظم کیا۔ قبل ازیں گاندھی جینتی کے پیش نظر یونین آفس میں مہاتما گاندھی کی تصویر پر پھول چڑھاتے ہوئے اُنھیں خراج عقیدت پیش کیا گیا وہیں دوسری طرف چیف منسٹر کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرتے ہوئے میڈیا نمائندوں کے ساتھ سوتیلا رویہ اپنانے کا الزام عائد کیا گیا ۔ حکومت کی جانب سے میڈیا نمائندوں کو اپنی بیماریوں پر قابو پانے کیلئے مفت ادویات فراہم کرنے کا سلسلہ گزشتہ 12 سال سے تھا اس کو اب بند کردیا ۔ ایکریڈیشن کارڈ جاری کرنے میں بھی ناانصافی کی گئی ۔ میڈیا نمائندوں کو مفت علاج کی سہولت ، ہیلت کارڈ کے ذریعہ ہوا کرتی تھی اس کو بھی برخواست کردیا گیا ۔ چیف منسٹر نے میڈیا نمائندوں کی فلاح و بہبود کے خاطر 100 کروڑ روپئے بجٹ میں مختص کرنے کا وعدہ کیا تھا اس کو بھی نظرانداز کیا گیا ۔ میڈیا نمائندوں کو رہائشی اراضی فراہم کرنے میں بھی حکومت ناکام ثابت ہورہی ہے جس کے پیش نظر TUWJ یونین نے آج سینکڑوں پوسٹ کارڈ چیف منسٹر کو ترسیل کرتے ہوئے اُنھیں فی الحال ہیلت اسکیم کو بحال کرنے اور مفت فراہم ہونے والی ادویات کا سلسلہ جاری رکھنے کا مطالبہ کیا ۔ یونین صدر بی رمیش ، سکریٹری راجو ، نائب صدر حمیداللہ انور اور نمائندہ سیاست محبوب خان کے علاوہ صابر پٹیل اور دیگر موجود تھے۔ ایک ہفتہ میں ان مطالبات کو پورا نہ کرنے کی صورت میں مزید احتجاج کرنے کا انتباہ دیا گیا ۔