کوہیڈا میں ایشیاء کی سب سے بڑی فروٹ مارکٹ

   

100 فیٹ سڑک کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد، وزیرزراعت نرنجن ریڈی کا خطاب

حیدرآباد ۔ 19 فبروری (سیاست نیوز) وزیر زراعت ایس نرنجن ریڈی نے کہا کہ ایشیاء کی سب سے بڑی فروٹ مارکٹ کوہیڈا میں بین الاقوامی معیارات کے ساتھ قائم ہوگی۔ کل کوہیڈا فروٹ مارکٹ کیلئے 50 لاکھ روپئے مصارف سے تعمیر کی جارہی 100 فیٹ سڑک کیلئے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد کہا کہ یہ مارکٹ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے ویژن کے مطابق بین الاقوامی معیارات کے ساتھ قائم ہوگی۔ چیف منسٹر جلد ہی اس مارکٹ کیلئے سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیر نے تمام اسٹیک ہولڈرس سے کہا کہ 178 ایکرس پر تعمیر کی جانے والی اس مارکٹ کے مقصد کو سمجھا جائے جو دہلی کی مارکٹ سے بڑی ہوگی۔ نرنجن ریڈی نے کہا کہ زرعی فصلوں کو بڑے رقبہ پر اگایا جاتا ہے لیکن ہارٹیکلچر فصلوں سے زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔ بدلتے وقت کے ساتھ ایسا معلوم ہوتا ہیکہ لوگوں کی غذائی عاددتوں میں تبدیلی ہوگی۔ لوگ ترکاریوں اور پھلوں کے استعمال کو زیادہ ترجیح دے رہے ہیں جس کے نتیجہ میں ہارٹیکلچر فصلوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس کے مدنظر اور چونکہ گڈی انارم مارکٹ ناکافی ہورہی ہے اس لئے حکومت تلنگانہ میں بڑھتی زرعی پیداوار پر مبنی فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریز قائم کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ حکومت ہارٹیکلچر فصلوں کو اگانے کے حق میں ہے اس لئے انٹرنیشنل ایرپورٹ، آؤٹر رنگ روڈ کے قریب کوہیڈا مارکٹ کے قیام سے ان فصلوں کیلئے قومی اور بین الاقوامی مانگ پیدا کرنے میں مدد ہوگی۔ اس نئی مارکٹ کیلئے لے آؤٹ تیار کیا جارہا ہے جبکہ حکومت نے باٹا سنگارم میں عارضی فروٹ مارکٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسٹر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ ویر ہاؤزنگ کارپوریشن نے بھی کوہیڈا میں ایک کولڈ اسٹوریج فیسیلٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کا اصل مقصد 50 ہزار ایکرس پر آلو کی مجوزہ کاشت کیلئے ایک سیڈ اسٹوریج فیسیلٹی قائم کرنا ہے۔ وزیر زراعت نے کوہیڈا میں کسانوں اور بیوپاریوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ اس مارکٹ میں شاپس قواعد کے مطابق الاٹ کئے جائیں گے۔ کسی کو مشکل میں نہیں ڈالا جائے گا۔