حیدرآباد۔20۔اگسٹ(سیاست نیوز) تلنگانہ کے 11اضلاع میں ریاستی حکومت کی جانب سے زرد الرٹ جاری کرتے ہوئے عہدیداروں کو چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ آئندہ 5یوم کے لئے جاری کئے گئے اس زرد الرٹ کے دوران امکان ہے کہ موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔ اسی لئے نشیبی علاقوں کے علاوہ تالابوں کے پشتوں اور کنٹوں پر خصوصی نظر رکھی جائے تاکہ مسلسل بارش کے سبب ہونے والے نقصانات سے محفوظ رہا جاسکے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایات اور محکمہ موسمیات کے انتباہ کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ دونوں شہروںکے علاوہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 5 یوم کے دوران بارش کا امکان ہے ۔اس سلسلہ میں محکمہ آبپاشی اور دیگر متعلقہ محکمہ جات و بلدیات کے عہدیداروں کو متحرک رہنے کے احکام جاری کئے جاچکے ہیں۔