امریکہ کیلئے مطالبات سے دستبردار ہونا مشکل : اسماعیل

   

تہران ۔ 4 مئی (ایجنسیز) ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکہ کیلئے زیادہ سے زیادہ مطالبات سے دستبردار ہونا مشکل ہو رہا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کی حالیہ صورتِ حال امریکہ کی ایران کے خلاف جارحیت کا نتیجہ ہے، جنگ کے خاتمہ کیلئے سست سفارتی کوششوں کا ذمہ دار امریکہ ہے۔ اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکی جارحیت سے پہلے آبنائے ہرمز عالمی میری ٹائم نیوی گیشن کیلئے محفوظ گزر گاہ تھی، ریاستیں اور شپنگ کمپنیاں آبنائے ہرمز سے گزرنے کیلئے ایران سے رابطہ کی ضرورت سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں اقدامات بین الاقوامی قوانین کے تحت لیے گئے ہیں، امریکہ نے آبنائے ہرمز اور بین الاقوامی پانیوں میں بھی سیکوریٹی کے فقدان کو جنم دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز میں سلامتی اور سکون کا محافظ ہے، عمان اور ایران آبنائے ہرمز کے ساحلی ممالک ہیں، آبنائے ہرمز سے محفوظ جہاز رانی کیلئے ہمیں پروٹوکول اور میکینزم بنانا چاہیے۔ ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے آبنائے ہرمز سے امریکی جنگی جہازوں کے داخلے کے امکان پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج امریکی خطروں کا جواب دینا جانتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جنگ کے خاتمہ کے علاوہ کسی معاملہ پر بات نہیں کر رہے، امریکہ ایران کے خلاف جھوٹے دعوے دہرانا جاری رکھے ہوئے ہے۔