قابل تجدید توانائی کے استعمال پر توجہ ، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا جائزہ اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔10جنوری (سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے جلد ہی تلنگانہ کے لئے نئی برقی پالیسی وضع کی جائے گی اور حکومت ریاست میں معیاری برقی سربراہی اور قابل تجدید توانائی کے استعمال پر توجہ مرکوز کرے گی۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج جائزہ اجلاس کے دوران محکمہ برقی میں بہتری لانے کے اقدامات کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کے دوران یہ بات کہی۔چیف منسٹر نے آج ریاست کے اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ برقی صارفین کے لئے 200 یونٹ مفت برقی سربراہی اسکیم پر عمل آوری کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس جائزہ اجلاس کے دوران چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سال 2014 سے اب تک کئے گئے برقی معاہدوں کے علاوہ ریاست میں برقی سربراہی اور الکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن کے احکامات و اقدامات کی تمام تر تفصیلات پیش کی جائیں۔ چیف منسٹر کی جانب سے منعقدہ اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں ڈپٹی چیف منسٹر و فینانس منسٹر مسٹر ملو بھٹی وکرمارک ‘ کیپٹن این اتم کمار ریڈی ‘ مسٹر ڈی سریدھربابو کے علاوہ محکمہ برقی کے عہدیداران موجود تھے۔ اجلاس میں شریک عہدیداروں نے چیف منسٹر کو ریاست میں برقی خریدی ‘ ڈسکامس کی موجودہ صورتحال ‘ معاہدوں کی تفصیلات کے علاوہ ٹرانسکو اور جینکو کے مالی موقف کو پیش کیا۔عہدیداروں سے ریاست میں برقی پیداوار کی صورتحال کے متعلق چیف منسٹر اور دیگر وزراء کو واقف کروایا۔چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے کئے گئے برقی خریدی معاہدوں کی تفصیلات بشمول قیمت خرید اور تلنگانہ کی جانب سے فروخت کی جانے والی برقی کی قیمت فروخت کے علاوہ جن کمپنیوں سے برقی خریدی گئی ہے اس کی تمام تفصیلات پیش کریں۔انہو ںنے کہا کہ برقی خریدی میں کھلے بازار میں موجود سے کم قیمت میں برقی سربراہ کرنے والی کمپنیوں کی تفصیلات بھی انہیں پیش کی جائیں۔مسٹر اے ریونت ریڈی نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں اب تک برقی خریدی کے معاملہ میں کئے گئے اقدامات کے علاوہ ریاستی حکومت کی جانب سے زائد قیمتوں میں دیئے گئے کنٹراکٹس کی بھی تمام تر تفصیلات پر مشتمل رپورٹ انہیں پیش کی جائے۔انہوں نے عہدیدارو ں کو 6ضمانتوں میں شامل 200 یونٹ مفت برقی اسکیم پر عمل آوری کے سلسلہ میں منصوبہ کی تیاری عمل میں لائیں تاکہ ریاستی حکومت کی جانب سے جلد از جلد عوام سے کئے گئے وعدہ کو پورا کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں جائزہ اجلاس کے دوران ریاست میں جاری برقی پراجکٹس کے تعمیراتی کاموں کے موقف کے متعلق استفسار کرنے کے بعد عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ جلد از جلد ان پراجکٹس کی تکمیل کے اقدامات کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کسانوں کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہی کے سلسلہ میں اپنے عہد کی پابند ہے اور جلد ہی اس سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے کسانوں کو برقی سربراہی کا سلسلہ جاری ہے اور آئندہ بھی اس میں کوئی خلل پیدا نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ ملک کی مختلف ریاستوں میں موجود برقی پالیسی کا مطالعہ کریں اور تلنگانہ کے لئے قابل قبول اور قابل عمل پالیسی تیار کرتے ہوئے حکومت کو پیش کرے تاکہ حکومت کی جانب سے اس نئی برقی پالیسی کو اسمبلی پیش کرتے ہوئے اس پر مباحث کے بعد عمل آوری کو یقینی بنایا جاسکے۔چیف منسٹر کی جانب سے طلب کئے گئے اس اجلاس میں ریاستی وزراء کے علاوہ چیف سیکریٹری مسز شانتی کماری‘ مسٹر رام کرشنا راؤ‘ مسٹر راہول بوجا‘ مسٹر سید علی مرتضیٰ رضوی ‘ جناب مشرف فاروقی کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔3