تلنگانہ میں کورونا کی صورتحال پر تبادلہ خیال

   

وزیر صحت کا جائزہ اجلاس ، ماسک کا استعمال کرنے عوام کو مشورہ

حیدرآباد۔19۔ڈسمبر(سیاست نیوز) ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ اور مرکزی وزارت صحت کی جانب سے تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں محکمہ صحت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور عوام کے لئے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ حکومت تلنگانہ کو مرکزی حکومت کی جانب سے مکتوب موصول ہونے کے فوری بعد وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کی صدارت میں اجلاس منعقد کرتے ہوئے ریاست میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا اور عوام کو مشورہ دیا کہ اگر ضرورت محسوس ہوتو ماسک کا استعمال شروع کردیں تاکہ کسی بھی طرح کے وبائی امراض کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ بتایاجاتا ہے کہ دامودر راج نرسمہانے اجلاس کے دوران ریاست تلنگانہ کے دواخانوں اور مراکزصحت میں موجود سہولتوں کا جائزہ لینے کے علاوہ عہدیداروں اور ڈاکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ وباء کو پھیلنے سے روکنے کے لئے چوکسی اختیار کریں اور عوام میں شعور اجاگر کرتے ہوئے انہیں وبائی امراض سے محفوظ رہنے کی تدابیر سے واقف کرواتے رہیں۔ ریاستی وزیر صحت نے بتایا کہ تلنگانہ میں حکومت کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کے لئے پوری طرح سے تیار ہے اور ممکنہ حد تک عوام میں شعور اجاگر کرتے ہوئے انہیں وبائی امراض سے محفوظ رہنے کی تاکید کی جائے گی ۔ انہوں نے جائزہ اجلاس کے دوران عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ تہواروں کے موسم کے دوران عوام کے لئے رہنمایانہ خطوط جاری کریں اور انہیں ماسک کے استعمال کی تلقین کی جائے تاکہ پرہجوم مقامات پر کسی بھی طرح سے وباء کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔ انہوں نے محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری کے ساتھ ریاست کے دواخانوں و مراکز صحت میں کورونا وائرس کا معائنہ کرنے کی کٹس کے اسٹاک کا جائزہ لیں تاکہ وباء کی صورت میں عوام کو مشکل صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ دامودر راج نرسمہا نے بتایا کہ ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کو کسی بھی طرح کی وباء کی صورت میں حالات سے نمٹنے کے لئے چوکس رہنے کی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔